- الإعلانات -

کرینہ کے آگے اداکاری فلم کی کامیابی اورناکامی سے زیادہ اہم

بولی وڈ بے بو کرینہ کپورویسے تو ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

تاہم وہ کہتی ہیں کہ فلم کی کامیابی اور ناکامی کوانہوں نے کبھی بھی سنجیدگی سے نہیں لیا، جب کہ وہ ہر فلم میں ذمہ داری کے ساتھ اپنے کام کو محبت سے سر انجام دیتی ہیں۔

خیال رہے کہ 2000 میں رفیوجی سے فلمی کیریئر کی شروعات کرنے والی کرینہ کپور گزشتہ 18 سال میں 60 سے زائد فلموں میں جلوہ گر ہوچکی ہیں۔

کرینہ کپور کی زیادہ تر فلمیں اچھی کمائی کرنے میں ناکام رہی ہیں، تاہم ان کے حصے میں ’بجرنگی بھائی جان، سنگھم رٹرنز، باڈی گارڈ، گول مال اور کبھی خوشی کبھی غم‘ جیسی بلاک بسٹر فلمیں بھی آئیں۔

کرینہ کپور خان کی 60 میں سے 10 کے قریب فلمیں بلاک بسٹر اور سپر ہٹ جب کہ اتنی ہی ہٹ ثابت ہوئیں۔

کرینہ کپور کی 20 سے زائد فلمیں باکس آفس پر اچھی کمائی کرنے میں ناکام رہیں، جب کہ اتنی ہی فلمیں درمیانے درجے کی کمائی کرنے میں کامیاب گئیں۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق کرینہ کپور نے فلموں کی کمائی اور ناکامی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی اپنی کامیابی اور ناکامی کو سنجیدگی سے نہیں لیا، ان کے لیے ان چیزوں کی کوئی اہمیت نہیں۔

—فوٹو: قطر اسکوپ
—فوٹو: قطر اسکوپ

ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی بھی فلم کامیاب جاتی ہے تو یہ بہت ہی اچھی بات ہے، لیکن اگرکوئی فلم ناکام ہوتی ہے تو بھی ان کے لیے کوئی مسئلہ نہیں۔

انہوں نے فلموں کی کمائی اور ناکامی سے زیادہ اداکاری کو ترجیح دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں کمائی سے زیادہ اہم اداکاری ہوتی ہے، جو وہ ذمہ داری اور محبت کے ساتھ سر انجام دیتی ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ زیادہ تر لوگ خود کو ملنے والے مواقع کو اہم سمجھ کر اس سے فائدہ نہیں اٹھاتے، تاہم وہ خود کو ملنے والے مواقع کو اچیومنٹ میں تبدیل کرنا چاہتی ہیں۔

—فوٹو: انڈیا فورم
—فوٹو: انڈیا فورم

اپنے بیٹے تیمورعلی خان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بیٹے کی اسٹارز کے بچے کے طور پر پرورش نہیں کرنا چاہتیں۔

کرینہ کپور نے بتایا کہ ان سے جتنا ممکن ہوسکتا ہے وہ اپنے بیٹے کی عام بچوں کی طرح پرورش کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔

خیال رہے کہ کرینہ کپور کے ہاں تیمور علی خان کی پیدائش دسمبر 2016 میں ہوئی، ان کا بیٹا جلد ہی میڈیا اسٹار بن گیا۔

بھارتی میڈیا میں سیف علی خان اور کرینہ کپور کے بجائے ان کے بیٹے تیمور علی خان کی تصاویر اور خبریں زیادہ شائع ہوتی ہیں۔

جوڑے نے 2012 میں شادی کی تھی،سیف علی خان کی یہ دوسری شادی ہے، انہوں نے اپنی پہلی بیوی اداکارہ امرتا سنگھ کو 2004 میں طلاق دی تھی، ان کے سابقہ بیوی سے ایک بیٹا اور بیٹی ہیں۔