- الإعلانات -

والد کو ایوارڈ ملنے پر دپیکا پڈوکون رو پڑیں

ویسے تو گزشتہ چند ہفتوں سے ’پدماوتی‘ ہیروئن دپیکا پڈوکون خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں، تاہم اب ان کے رونے کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں۔

دراصل دپیکا پڈوکون اپنے والد پرکاش پڈوکون کو خدمات کے عوض ملنے والے لائیف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کی خوشی میں دوران تقریب رو پڑیں، جس کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق تماشہ ہیروئن نئی دہلی میں ہونے والی بیڈمنٹن ایوارڈ تقریب میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ شریک ہوئیں، جہاں ان کے والد کو بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کی جانب سے لائیف اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔

—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا
—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا

دپیکا پڈوکون کے ساتھ اپنی چھوٹی بہن انیشا اور والدہ اجالا پڈوکون بھی ساتھ تھیں، اور تینوں ایک ہی ٹیبل پر بیٹھیں۔

—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا
—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا

ان کے والد پرکاش پڈوکون کو بیڈمنٹن ایسوسی ایشن آف انڈیا (بی اے آئی) کی جانب سے خدمات کے عوض لائیف اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔

یہ پہلا موقع تھا کہ دپیکا پڈوکون کے والد کو اس اعزاز سے نوازا گیا، انہیں بھارت کے نائب صدر وینکاہ نیڈو نے ایوارڈ دیا۔

تقریب میں جب دپیکا پڈوکون کے والد نے اعزاز دیے جانے پر بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا تو دپیکا پڈوکون کی آنکھیں چھلک پڑیں اور وہ اپنے جذبات کو قابو میں نہ رکھ سکیں۔

اگرچہ دپیکا پڈوکون نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اس تقریب کی تصاویر نہیں رکھیں،البتہ اداکارہ نے اپنے والد کو لائیف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیے جانے کی تقریب کا ملنے والا دعوت نامہ اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا۔

تاہم دوسری جانب تقریب میں شامل دیگر افراد نے اس تقریب کی تصاویر شیئر کیں، جب کہ بھارتی نشریاتی اداروں نے بھی دپیکا پڈوکون کے رونے کی تصاویر شائع کیں۔

اگرچہ دوران تقریب دپیکا پڈوکون کی والدہ اور چھوٹی بہن بھی خوشی سے جذباتی ہوگئیں، تاہم فوٹوگرافرز کی نظر پدماوتی ہیروئن پر ہی رکی رہی۔

دپیکا پڈوکون کی خوشی سے آنسوں بہانے کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں، اور ہزاروں افراد نے انہیں لائیک کیا۔

دپیکا پڈوکون کے والد کو ایوارڈ ملنے پر کئی افراد نے اداکارہ کو مبارکباد پیش کی، تقریب میں شامل بیڈمنٹن خاتون کھلاڑی پی وی سدھو نے بھی ان کے ساتھ کھچوائی گئی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی۔