- الإعلانات -

کیا یہ ہے حالیہ برسوں کی سب سے ہارر فلم؟

فلموں کے دیکھنے کے شوقین وہ کون فرد ہوگا جو ہارر موویز کا شوقین نہ ہو مگر کیا آپ یہ فلم دیکھ سکتے ہیں جسے بیشتر ناقدین نے حالیہ برسوں کی سب سے خوفناک پیشکش قرار دیا ہے۔

سونڈانس فلم فیسٹیول 2018 میں جب فلم ہائی ریڈیٹیری (Hereditary) کا پریمیئر ہوا تو اسے حالیہ برسوں کی سب سے زیادہ ڈرا دینے والی ہارر فلم قرار دیا گیا تھا۔

اس فلم نے پریمیئر میں شریک افراد کو اتنا خوفزدہ کردیا کہ اس کا اثر کافی دن تک ان کے ذہن سے اتر نہیں سکا جبکہ اے وی کلب نے اسے مرنے کی حد تک دہشت زدہ کردینے والی فلم قرار دیا تھا۔

اب اس فلم کا پہلا ٹریلر سامنے آگیا ہے جو چونکا دینے والا ہے۔

فلم کے ڈسکرپشن کے مطابق ‘ جب ایلن (گراہم خاندان کی سربراہ) کا انتقال ہوتا ہے تو اس کی بیٹی کے گھروالوں کے سامنے اس بزرگ خاتون کے انتہائی دہشت زدہ راز کھلنے لگتے ہیں، جتنا وہ جانتے ہیں، اتنا ہی وہ ورثے میں ملنے والی خوفناک قسمت سے بچنے کی کوشش کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں’۔

یہ فلم اسی پروڈکشن ادارے کی تیار کردہ ہے جس نے دی وچ نامی فلم 2016 میں ریلیز کی تھی جسے ناقدین اور عام ناظرین دونوں نے سراہا تھا۔

اس ادارے کی نئی فلم کو نئی نسل کی ‘ایگزارسٹ’ قرار دیا جارہا ہے اور یاد رہے کہ ایگزارسٹ وہ فلم ہے جسے ہارر فلموں میں کلاسیک کا درجہ حاصل ہے۔

اس فلم کو ریویو ویب سائٹ روٹن ٹماٹوز میں اس وقت سو فیصد ریٹنگ دی گئی ہے اور اسے رواں سال جون میں ریلیز کیا جائے گا۔

فلم فیسٹیول میں دیکھنے والے افراد نے اس بارے میں ٹوئٹر پر اظہار خیال بھی کیا۔

ایک نے لکھا یہ فلم اتنی بے چین کردینے والی ہے کہ آپ تھیٹر میں گہری سانسیں لینے پر مجبور ہوجاتے ہیں اور ماورائی ہارر پر یقین کرنے لگتے ہیں۔

ایک کا کہنا تھا کہ یہ فلم برسوں میں سامنے آنے والی ان چند فلموں میں سے ہے جو دہشت زدہ کردیتی ہیں، میں برسوں سے کبھی صحیح معنوں میں خوفزدہ نہیں ہوا تھا اور بتاتی ہے کہ اصل ہارر کیا ہے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ میں الفاظ میں بیان نہیں کرسکتی کہ اس نے مجھ پر کیا اثرات مرتب کیے۔

ایک صارف نے اسے اپنی زندگی میں دیکھی جانے والی سب سے ہارر فلم قرار دیا۔