- الإعلانات -

بالی ووڈ پر راج کرنے والے پاکستانی گلوکار

ممبئی: اپنی آواز کے باعث پاکستان سمیت بھارتی عوام اور بالی ووڈ پر راج کرنے والے پاکستانی گلوکاروں نے ثابت کیا ہے کہ صلاحیت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ فنکار کا تعلق کس ملک سے ہے اگر اس میں صلاحیت ہے تو وہ پوری دنیا کو اپنا دیوانہ بناسکتا ہے۔

عاطف اسلم

نامور پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نہ صرف پاکستان میں مقبول ہیں بلکہ بھارتی عوام کے دلوں پر بھی راج کرتے ہیں۔ عاطف اسلم نے  2005 میں فلم ’کلیوگ‘ کے گانے’عادت‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا اور پھر پیچھے مڑ کرنہیں دیکھا۔ عاطف اسلم کے بالی ووڈ کے لیے گائے گئے مقبول ترین گانوں میں ’وہ لمحے‘، ’جینا جینا‘،’پہلی نظر میں‘،’تیرے بن‘اور’دیکھتے دیکھتے‘ شامل ہیں۔

راحت فتح علی خان

بالی ووڈ میں بھارتی گلوکاروں سے بھی زیادہ مقبول اگر کوئی گلوکار ہے تو وہ راحت فتح علی خان ہیں۔ راحت فتح علی خان نے اپنے سروں اور آواز کی بدولت پورے بالی ووڈ پر قبضہ کیا ہوا ہے۔

نصرت فتح علی خان

پاکستان کے لیجنڈری گلوکار اور شہنشاہ قوال نصرت فتح علی خان نہ صرف پاکستان اور بھارت میں بلکہ پوری دنیا میں اپنی گائیکی کی وجہ سے مشہور ہیں۔ انہیں دنیا سے گزرے ایک عرصہ ہوگیا لیکن بالی ووڈ میں فلمساز آج بھی اپنی فلموں کی کامیابی کے لیے نصرت فتح علی خان کی قوالیاں ریمیکس کر کے شامل کرتے ہیں۔

علی ظفر

پاکستانی گلوکار واداکار علی ظفر نےاپنی آواز سے تو بھارتیوں کا دل جیتا ہے تاہم انہوں نے اداکاری میں بھی کمال دکھایاہے۔ بھارت میں ان کے بے شمار چاہنے والے ہیں اور شدت سے ان کی بالی ووڈ میں واپسی کے منتظر ہیں۔

غلام علی

پاکستان کے لیجنڈ گلوکاراستاد غلام علی آج بھی پاکستان اوربھارتی عوام کے دلوں میں بستے ہیں، ان کا  1982 میں گایا گیا گیت’چپکے چپکے رات دن‘آج بھی اتنا مشہور ہے جتنا اپنی ریلیز کے وقت تھا۔