- الإعلانات -

شیو سینا کی دھمکیوں کی بنا پر غلام علی کا کنسرٹ منسوخ

ممبئی:  ممتاز پاکستانی غزل گائیک غلام علی آجکل بھارت کے دورے پر ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر گلوکار کی 29جنوری کے روز ممبئی میں پرفارمنس ایک مرتبہ پھر سے منسوخ کردی گئی ہے۔غلام علی نے 29جنوری کے روز شعیب الیاسی کی نئی آنے والی فلم ’’گھر واپسی‘‘ کی میوزک لانچ تقریب میں فن کا مظاہرہ کرنا تھا۔تقریب منعقد کرنے والے آرگنائزر کی طرف سے اے این آئی کو بتایا گیا کہ گلوکار کی پرفارمنس کیلئے نئے مقام اور تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق مذکورہ تقریب اب دہلی میں منعقد کی جائے گی جہاں پاکستانی فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ واضح رہے 2015ء میں بھی بھارتی انتہاپسند تنظیم شیو سینا کی دھمکیوں کی بنا پر غلام علی کا کنسرٹ منسوخ کر دیا گیا تھا۔تاہم رواں سال دہلی کے وزیر قانون کپل مشرا اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی کی طرف سے پاکستانی غزل گائیک کو خصوصی دعوت پر ہندوستان میں پرفارم کرنے کیلئے مدعو کیا گیا ہے