- الإعلانات -

‘کیمرے کے سامنے، میں اصل سلمان ہوں’

بولی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کا ماننا ہے کہ یہ معنی نہیں رکھتا کہ کوئی فرد کیمرے کے سامنے کیسا پرفارم کرتا ہے لیکن ایک شخص کیمرے کے سامنے ناظرین کو بیواقوف بنانے کے لیے دھوکا نہیں دے سکتا۔

اپنی اداکاری سے لاکھوں مداحوں کے دلوں میں بسنے والے 52 سالہ بھارتی ادارکار کا کہنا تھا کہ ایک اداکار کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ حقیقی ہو اور ناظرین کے سامنے ایک حقیقی شخصیت پیش کرے۔

انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ ‘کیمرے کے سامنے مصنوعی انداز اپنانا ناممکن ہے، جب آپ کسی کردار کو ادا کررہے ہوں تو آپ مصنوعی نہیں ہوسکتے’۔

سلمان خان کا مزید کہنا تھا کہ ‘ہم جو بھی سین کریں، جس میں ڈائیلاگ، احساسات اور تاثرات کی ادائیگی شامل ہے، تو یہ سب ہماری شخصیت سے ادا ہونے چاہیے کیونکہ یہ کہیں نہ کہیں ہمارا حصہ ہوتے ہیں’۔

سلمان خان کا ماننا ہے کہ ‘اگر ہم مصنوعی انداز اپنائیں گے تو کیمرہ ہمیں پکڑ لے گا، آپ لوگوں کو کچھ وقت تک کے لیے بیواقوف بنا سکتے ہیں لیکن آپ تمام لوگوں کو ہر وقت بیواقوف نہیں بنا سکتے، یہ ایک دن ضرور ظاہر ہوجائے گا’۔

لاکھوں مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والے سپر اسٹار سلمان خان کا کہنا تھا کہ ‘جب میں ٹی وی پر ہوتا ہوں تو وہ اصل سلمان ہوتا ہے، اس میں کوئی ڈھونگ نہیں ہوتا اور کوئی ڈائیلاگ بازی بھی نہیں ہوتی، زندگی میں حاصل ہونے والے تجربے کو میں لوگوں کے ساتھ شیئر کرتا ہوں، یہاں تک کہ جس چیز کی وجہ سے مجھے اور میرے والدین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، میں وہ بھی لوگوں کے ساتھ شیئر کرتا ہوں کیونکہ یہ میرے اور ان کے درمیان براہ راست تعلق ہے’۔

‘دس کا دم’ پروگرام کی کامیاب میزبانی کے بعد سلمان خان نے ‘بگ باس’ کی میزبانی میں بھی مداحوں کو متاثر کیا، لیکن اداکار کا کہنا تھا کہ ابتدا میں یہ ان کے لیے آسان اور ممکن نہیں تھا کہ وہ ٹی وی شو پر اپنی اصل حیثیت میں سامنے آئیں کیونکہ وہ متعدد تنازعات میں گہرے ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ سلمان خان ان دنوں علی عباس ظفر کی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کے فوری بعد وہ معروف ٹی وی شو ‘بگ باس’ کے 12ویں ایڈیشن کی میزبانی کریں گے۔