- الإعلانات -

’ابھیشیک بچن کو فلمیں چھوڑ کر وڑاپاؤ بیچنا شروع کردینا چاہیے‘

ممبئی: بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے صاحبزادے ابھیشیک بچن کو فلم’’من مرضیاں‘‘میں خراب اداکاری کرنے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اداکار ابھیشیک بچن نے تقریباً دوسال بعد فارغ بیٹھنے کے بعد حال ہی میں فلم’’من مرضیاں‘‘کے ساتھ ایک بار پھر بالی ووڈ میں انٹری دی ہےابھیشیک کو اس فلم سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ تھیں تاہم فلم شائقین کو زیادہ متاثر کرنے میں ناکام رہی۔

سوشل میڈیا صارفین فلم کی ناکامی کا سارا ملبہ ابھیشیک پر ڈالتے ہوئے انہیں ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر ہرشوردھن نامی صارف نے ٹوئٹر پر ابھیشیک بچن کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا ’’جونیئر بچن نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ ان میں ایک اچھی فلم کو ناکام کرانے کی قابلیت موجود ہے، اس کے ساتھ ہی اس نے بالی ووڈ میں اقربا پروری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بہت سارے اسٹار کڈز کو اداکاری نہیں آتی لہٰذا اب وقت آگیا ہے کہ ابھیشیک سمیت تمام اسٹار کڈز کو ٹھیلے پر وڑاپاؤ بیچنا شروع کردینا چاہیے۔

صارف کی اس تنقید پر ابھیشیک بچن نے اسے جواب دیتے ہوئے کہا آپ کو ٹوئٹ کرنے سے پہلے فلم کے اعدادوشمار دیکھ لینے چاہئیے تھے، تاکہ آپ شرمندہ نہیں ہوتے،  جس پر اس صارف نے جواب دیتے ہوئے کہا میں نے مشاہدہ کیا ہے کہ بالی ووڈ انڈسٹری میں اقربا پروری کاراج ہے، آپ ایک اچھے انسان تو ہوسکتے ہیں  لیکن بہت ہی خراب اداکار ہیں۔

واضح رہے کہ ابھیشیک بچن، تاپسی پنوں اوروکی کشال کی فلم’’من مرضیاں‘‘ریلیز کے دوہفتوں میں صرف 24 کروڑ ہی کماسکی ہے۔