- الإعلانات -

‘نانا پاٹیکر کی خالی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گی’

بولی وڈ کی سابق اداکارہ تنو شری دتہ نے گزشتہ دنوں معروف اداکار نانا پاٹیکر پر 10 سال پہلے ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

جس کے جواب میں نانا پاٹیکر نے ان کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ تنو شری دتہ کو قانونی نوٹس بھیج چکے ہیں اور وہ اس بارے میں جلد ایک پریس کانفرنس کریں گے۔

تاہم اب تنو شری دتہ نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ انہیں اب تک کوئی قانونی نوٹس نہیں ملا اور وہ اپنے وکلاءسے مشاورت کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا ‘حالیہ واقعات کو دیکھتے ہوئے میں وکلاءکی ایک ٹیم کو اکھٹا کررہی ہوں جو میرے مفادات کا دفاع کرے گی، نانا پاٹیکر کے وکیل کے دعویٰ کے برعکس مجھے ابھی تک کوئی قانونی نوٹس نہیں ملا’۔

انہوں نے کہا ‘ خالی دھمکیاں دے کر مجھے خوفزدہ کرکے خاموش کرانے کی کوشش کی بجائے، اداکار مجھے قانونی نوٹس بھیجیں اور پھر دیکھیں میں کیا کرتی ہوں’۔

تنو شری دتہ نے کہا ‘یہ ان لاتعداد کروڑوں افراد کی کہانی ہے جو اب تک انصاف کے منتظر ہیں کیونکہ انہیں قانونی جال میں پھنسا کر خاموش کرادیا گیا، اس طرح ملزمان نہ صرف ہماری عدلیہ کا مذاق اڑاتے ہیں بلکہ اس طرح کی دھمکیوں سے کسی فرد کی آزادی رائے کے حق کو بھی متاثر کرتے ہیں’۔

اداکارہ نے توقع ظاہر کی کہ انڈین بار ایسوسی ایشن بھی نانا پاٹیکر کے خلاف قانونی ایکشن لے گی ‘ ‘اپنے موکل کے ساتھ کام کرنے والے وکلاءسے سوالات پوچھے جانے چاہئے، میری انڈین بار ایسوسی ایشن سے مودبانہ درخواست ہے کہ وہ آگے آکر اس کے اور ایسے دیگر افراد کے خلاف ایکشن لے جو ملزمان کی مدد کرتے ہیں، جس سے انہیں متاثرین اور گواہوں کو قانون کے نام پر ہراساں کرنے کا موقع ملتا ہے’۔

اس سے پہلے تنو شری دتہ نے نانا پاٹیکر پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا ’سب ہی نانا پاٹیکر کے رویے کو جانتے ہیں کہ وہ خواتین کی عزت نہیں کرتے، انڈسٹری کے لوگوں کو نانا پاٹیکر کے بیگ گراؤنڈ کا بھی اندازہ ہے، وہ ماضی میں اداکاراؤں پر تشدد بھی کرچکے ہیں، وہ انہیں ہراساں کرچکے ہیں، لیکن کسی اخبار میں آج تک ایسی کوئی خبر شائع نہیں ہوئی‘۔

اداکار نے کہا کہ ’میرے کیریئر کے آغاز میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران نانا پاٹیکر نے ہراساں کیا، جس کے بعد میں نے پروڈیوسرز سے شکایت کی، لیکن انہوں نے میری کسی شکایت پر غور نہیں کیا، جس کے بعد نانا پاٹیکر نے مطالبہ کیا کہ وہ ایک گانے کے دوران میرے ساتھ ایک غیر مناسب سین شوٹ کرنا چاہتے ہیں، حالانکہ اس سین کی فلم میں کوئی ضرورت نہیں تھی‘۔