- الإعلانات -

مثانے کے کینسر کو شکست دی جا سکتی ہے،مشہور ریسلر بریٹ ہارٹ

ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کے سابق چیمپئن بریٹ ’دی ہٹ مین‘ ہارٹ کینسر میں مبتلا ہیں۔

سپر اسٹار بریٹ نے یہ خبر انسٹاگرام پر اپنے ہزاروں مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے کہا ’ میں بتانا چاہتا ہوں کہ میں مثانے کے کینسر سے لڑائی لڑ رہا ہوں‘۔

اپنے طویل پیغام میں بریٹ نے کہا کہ وہ اس صورتحال کا سامنا کرنے والے ہر شخص کیلئے ایک مثال قائم کرنا چاہتے ہیں۔

2006 میں ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیم کا حصہ بننے والے کینیڈین ریسلر نے مزید بتایا کہ آنے والے دنوں میں ان کی سرجری متوقع ہے۔

1997 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے باس وینس مک مین سے مشہور زمانہ لڑائی کے بعد انہوں نے رنگ کو خیرباد کہہ دیا تھا، لیکن کئی سال گزرنے کے بعد انہوں نے وقتی کم بیک کیا۔

انہوں نے انسٹاگرام پر کہا ’ میرے مداحوں نے ہمیشہ مجھے ہیرو سمجھا اور میں نے بھی رنگ میں اور باہر ان کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کی‘۔

’میں کینسر کے خلاف عزم اور زندگی کی خواہش پر مبنی تلوار اور ڈھال سے شدید لڑائی لڑوں گا‘۔

بریٹ کے والد سٹو ہارٹ بھی ایک ریسلر اور ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیم کا حصہ تھے۔ ان کے بھائی اوون 1999 میں رنگ کے دوران ڈرمائی انٹری کے وقت ایک متنازعہ حادثے میں ہلاک ہوئے تھے۔

بریٹ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی اگلی لڑائی میں ثابت کریں گے کہ ’مثانے کے کینسر کو شکست دی جا سکتی ہے‘.