- الإعلانات -

شاہ رخ اور سلمان نئی فلم میں ایک ساتھ

بولی وڈ کے مداح طویل عرصے سے اسٹارز شاہ رخ خان اور سلمان خان کو کسی فلم میں ایک ساتھ دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔

سلمان خان شاہ رخ خان کی رواں سال ریلیز ہونے والی فلم ’زیرو‘ میں ایک گانے کے لیے جلوہ گر ہوئے اور اب رپورٹس کے مطابق یہ دونوں بہت جلد ایک فلم میں ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان اور سلمان خان بہت جلد ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم میں اکھٹے کام کرنے جارہے ہیں۔

اداکاروں سے قریبی ذرائع نے بتایا کہ ’سلمان خان اور شاہ رخ خان بہت جلد دو ہیروز پر مبنی ایک فلم میں کام کرنے جارہے ہیں، جس کی ہدایات سنجے لیلا بھنسالی کریں گے، اس فلم کی کہانی دو ایسے دوستوں پر مبنی ہوگی جو چند مسائل کے بعد ایک دوسرے کے دشمن بن جائیں گے‘۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا کہ یہ فلم 1991 کی فلم سودا گر کی کہانی سے متاثر ہوکر تیار کی جارہی ہے، جس میں دلیپ کمار اور راج کمار نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، جبکہ شاہ رخ خان اور سلمان خان کو بھی فلم میں برابر کا کردار ادا کیا جائے گا۔

طویل عرصے سے شاہ رخ خان اور سلمان خان دونوں ایک ساتھ کسی فلم میں کام کرنے کی امید میں تھے اور اب ایسا محسوس ہورہا ہے کہ یہ ان کے لیے خاصہ اچھا موقع ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ شاہ رخ خان اور سلمان خان دونوں نے فلم سائن بھی کرلی ہے تاہم سنجے لیلا بھنسالی کو فلم کا اسکرپٹ مکمل کرنے میں فی الحال 9 ماہ کا وقت لگے گا۔

سلمان خان اور شاہ رخ خان نے خود اب تک اس خبر کی تصدیق نہیں کی تاہم امید ہے کہ اگر ایسا ہوا تو یہ ان دونوں کے مداحوں کے لیے خاصی اچھی خبر ہوگی۔

ذرائع نے بتایا کہ اگر سب کچھ ارادے کے مطابق رہا تو فلم کی شوٹنگ کا آغاز اگلے سال ہوجائے گا۔

یاد رہے کہ سلمان خان اور شاہ رخ خان اس سے قبل کئی فلموں میں ساتھ کام کرچکے ہیں۔

ان کی فلم ’کرن ارجن‘ 1995 میں ریلیز ہوئی تھی، اس فلم میں دونوں نے بھائیوں کا کردار ادا کیا تھا۔

1998 میں ریلیز ہوئی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ میں شاہ رخ خان نے تو مرکزی کردار ادا کیا تھا، لیکن سلمان خان کو بھی اس فلم میں اہم کردار دیا گیا تھا۔

ان دو اداکاروں کی فلم ’ہم تمہارے ہیں صنم‘ 2002 میں سامنے آئی تھی۔

یہ دونوں اداکار ایک دوسرے کی فلموں میں مختصر کردار کے لیے بھی جلوہ گر ہوچکے ہیں۔

فلم ’زیرو‘ کے علاوہ شاہ رخ خان نے بھی سلمان خان کی سال 2000 میں ریلیز ہوئی فلم ’ہر دل جو پیار کرے گا‘ میں مختصر کردار ادا کیا تھا۔