- الإعلانات -

شاہ رخ اور عامر اب رائے دینے سے بھی ڈرتے ہیں

ممبئی : بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور کا اداکار عامر خان اور شاہ رخ خان کے عدم برداشت کے بیانات کے حوالے سے کہنا ہے کہ دونوں منفی ردعمل کے باعث اب میڈیا میں اپنی رائے دینے سے گھبرائیں گے۔بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اپنی آنے والی فلم نیرجا کے ایک گانے ’آنکھیں ملیں گی ڈر سے‘ کی رونمائی کی تقریب پر سونم کپور نے شاہ رخ اور عامر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صرف تصور کریں ہم نے شاہ رخ اور عامر کے ہندوستان میں بڑھتی عدم برداشت پر دیے گئے بیان کے بعد کیسا ردعمل دیا تھا۔ اب وہ منفی ردعمل کے باعث اپنی بات بتانے اور تبصرہ کرنے سے بھی ڈریں گے۔سونم کا ماننا ہے کہ ملک میں رہنے والے تمام افراد کو ایک دوسرے کی ذاتی رائے کا خیال کرنا چاہیے۔ان کا کہنا تھاکہ ہمیں ایسے لوگوں کی حمایت کرنی چاہیے جن کی اپنی رائے ہوتی ہے پھر چاہے وہ اچھی ہو یا بری۔ سب کو اپنی بات کہنے کا حق ہے۔سونم کا مزید کہنا تھا کہ اداکاروں کی ذاتی رائے پر اتنا تنقیدی ردعمل دینا صحیح نہیں ہے اس سے وہ اپنی رائے کا اظہار کرنا بن کردیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال شاہ رخ خان اور عامر خان نے ہندوستان میں بڑھتی عدم برداشت پر بیان دیا تھا جس کے بعد دونوں اداکاروں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔