انٹر ٹینمنٹ

’زیرو‘ کی ناکامی کے بعد انوشکا نے بولی وڈ کو خیرباد کہہ دیا؟

بولی وڈ اداکارہ انوشکا شرما آخری مرتبہ گزشتہ سال فلم ’زیرو‘ میں کام کرتی نظر آئی تھیں، جس کی ناکامی کے بعد سے انہوں نے کسی نئی فلم کا اعلان نہیں کیا۔

فلم زیرو کی ناکامی کے بعد ایسی رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ انوشکا شرما نے بولی وڈ کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

یاد رہے کہ فلم ’زیرو‘ میں شاہ رخ خان اور کترینہ کیف نے بھی انوشکا کے ساتھ کام کیا، فلم باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی جبکہ اسے منفی ریویوز بھی ملے۔

ان افواہوں کے سامنے آنے کے باوجود اداکارہ نے طویل عرصے سے اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی تھی تاہم اب انہوں نے خاموشی توڑ دی ہے۔

انوشکا شرما کا کہنا تھا کہ ’گزشتہ تین سال سے میں کافی مصروف رہی، فیشن میں کام کیا، کئی ایسے کردار بھی ادا کیے جو بہت زیادہ چیلنجنگ تھے، ایک ہی سال میں پری، سوئی دھاگا اور زیرو جیسی فلموں میں کام کیا، سب ایک دوسرے سے منفرد تھے، یہ آسان نہیں ہوتا‘۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ میں اب اپنے کیریئر میں اس موڑ پر آچکی ہوں جہاں مجھے فلمیں صرف اس لیے کرنے کی ضرورت نہیں کہ مجھے اپنا وقت پورا کرنا ہو‘۔

انوشکا گزشتہ سال فلم ’سنجو‘ میں بھی معاون کردار میں نظر آئی تھیں۔

انوشکا شرما کے مطابق ’ایک پروڈیوسر ہونے کی حیثیت سے میں مصروف رہتی ہوں، میں ایک اور فلم پروڈیوس کررہی ہوں، اس کے علاوہ بھی کافی چیزوں میں مصروف ہوں جو لوگوں کے سامنے نہیں‘۔

خیال رہے کہ 31 سالہ انوشکا شرما نے 2008 میں فلم ’رب نے بنادی جوڑی‘ کے ساتھ ڈیبیو کیا تھا۔

وہ فلم ’این ایچ ٹین‘ اور ’پری‘ کی پروڈکشن بھی کرچکی ہیں۔

ان کی کامیاب فلموں میں ’سوئی دھاگا‘، ’سلطان‘، ’این ایچ ٹین‘، ’اے دل ہے مشکل‘، ’دل دھڑکنے دو‘، ’پی کے’ اور ’بینڈ باجا بارات‘ شامل ہیں۔

2017 میں اداکارہ نے بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سے شادی کی تھی، وہ اپنے شوہر کے ساتھ سوشل میڈیا پر کئی خوبصورت تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔

ایکس مین سیریزکی نئی فلم ’’ڈارک فینکس‘‘7 جون کو ریلیز کیلیے تیار

لاس اینجلس: مارول یونیورس سے جڑی ایکس مین سیریز کی نئی فلم “ڈارک فینکس” 7 جون کو ریلیز کے لئے تیار ہے۔

ہالی ووڈ ایڈونچر فلم “ڈارک فینکس” میں 1992 کا زمانہ دکھایا گیا ہے، جس میں سُپر ہیروز کا ایک گروپ دنیا کو بچانے کے لئے خطرناک مشنز پرجاتا ہے۔

کامیاب ترین ڈراما سیریل گیمز آف تھرونز سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ “صوفی ٹرنر” فلم میں”جین گرے” کا مرکزی کردار ادا کررہی ہیں، جوایکس مین کے ساتھ مختلف مشنز میں حصہ لیتی ہیں۔

ایک خطرناک مشن  میں حادثے کےنتیجے میں”جین گرے”مرتے مرتے بچتی ہیں، جس کے بعد “جین گرے” کی شخصیت مثبت سے منفی ہو جاتی ہے اور وہ ایک طاقتور وِلن کے روپ میں سامنے آتی ہیں۔

اب دنیا کو بچانے کے لئے ایکس مین کو دوست سے طاقت ور ترین دشمن میں تبدیل ہونے والی جین گرے کا سامنا کرنا ہوگا۔ اس لڑائی میں جیت کس کی ہوگی یہ  پتہ چلے گا 7 جون کو۔

ماہرہ خان کی پوچھا لگاتے ہوئے ویڈیو وائرل

کراچی: عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان کا شمار صرف پاکستان کی ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کی خوبصورت اور باصلاحیت اداکاراؤں میں ہوتا ہے تاہم اب اداکارہ کی ایک ایسی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ پوچھا لگاتے ہوئے نظر آرہی ہیں۔

دنیا بھرمیں مشہور شخصیات خاص طور پر اداکاراور اداکاراؤں سے متعلق ایک عام خیال پایا جاتا ہے کہ یہ لوگ عام لوگوں کی طرح گھر کا کام کرنا تودورہل کر پانی بھی نہیں پیتے ہوں گے۔ جب کہ ان مشہور اداکاروں کا سیٹ پر چھوٹے موٹے کام کرنے والے افراد سے ہتک آمیزرویہ بھی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، جس کی مثال پاکستانی ڈراموں کی غیر معروف اداکارہ صبورعلی ہیں، جنہوں نے اپنے اسٹنٹ ڈائریکٹرکو کھڑکی صاف کرنے پر مذاق کا نشانہ بنایاتھا۔ تاہم ماہرہ خان کی حال ہی میں وائرل ہونے والی ویڈیو نے اداکاروں سے متعلق اس سوچ کو بدلنے میں اہم کردارادا کیا ہے۔

دنیا بھرمیں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی اداکارہ ماہرہ خان کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اس بات سے بے فکر ہوکراسٹیج کا پوچھا لگاتی نظر آرہی ہیں کہ وہ پاکستان کی نمبرون اداکارہ ہیں۔ ماہرہ خان کی اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا ہے اورصارفین ماہرہ کی اس ادا پر بھی فدا ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں اوران کی تعریفیں کرتے نہیں تھک رہے۔ کچھ لوگوں نے توماہرہ خان کو دورحاضر کی ’سنڈریلا‘ قرار دے دیا ہے جب کہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ صبورعلی کوماہرہ خان سے سبق سیکھنا چاہئے۔

ایک صارف نے ماہرہ خان کی اس ویڈیو پرتبصرہ کرتے ہوئے ان کی تعریف میں زمین آسمان کے قلابے ملاتے ہوئے کہا میں مشہورشخصیات کا مداح نہیں کیونکہ تقریباً تمام اداکارخود کو کسی شہزادے یا شہزادی کی طرح پیش کرتے ہیں اورایسے کلچر کو فروغ دیتے ہیں جو ہمارے لوگ افورڈ نہیں کرسکتے۔ تمام اداکاروں کا رہن سہن غیر حقیقی اور جعلی لگتا ہے۔ لیکن ماہرہ خان کی یہ ویڈیو دیکھ کر میرا ذہن تبدیل ہوگیا ہے۔

ہانیہ عامرنے یاسرحسین کو مذاق اڑانے پر کھری کھری سنادی

کراچی: پاکستانی اداکار یاسر حسین نے حال ہی میں اداکارہ ہانیہ عامر کو چہرے پر دانوں کی وجہ سے  مذاق کا نشانہ بنایا ہے تاہم ہانیہ نے انہیں کھری کھری سنادی۔

گزشتہ روزہانیہ عامر نے اپنی بغیر میک اپ تصاویرسوشل میڈیا پرشیئر کرتے ہوئے اپنے چہرے پر موجود دانوں (ایکنی) کے متعلق بتاتے ہوئے کہا تھا کہ چہرے پرموجود ان بدنما دانوں کی وجہ سے وہ کس قدرپریشان رہیں، ان کے رات دن روتے ہوئے گزرے، یہاں تک کہ وہ عدم تحفظ کا شکار ہونے لگی تھیں۔ تاہم اس دوران ہانیہ نے خود سے سوال کیا کہ میری جلد میری پہچان کیوں ہے؟ خوبصورتی کے یہ معیارآخر کس نے بنائے ہیں کہ صاف جلد ہی خوبصورتی کی علامت ہے۔ ایک مشہور شخصیت کا مطلب مکمل ہونا نہیں ہے بلکہ مکمل ہونے کا مطلب یہ ہے کہ ہم اپنی حقیقی جلد کے ساتھ مطمئن رہیں۔

سوشل میڈیا پرہانیہ عامر کو اپنا اصل چہرہ دکھانے اور خوبصورتی کے معیارات پر سوال اٹھانے نے کے لیے کافی سراہا گیا۔ تاہم پاکستان شوبز انڈسٹری کے اداکار یاسر حسین نے ہانیہ کی اس پوسٹ سے متعلق غیرسنجیدہ تبصرہ کرتے ہوئے ہانیہ عامر اورسوشل میڈیا صارفین کے غصے کو ہوا دی ہے۔

انسٹاگرام پر سوال جواب کے لائیو سیشن کے دوران جب یاسرحسین سے ہانیہ عامر سے متعلق سوال پوچھا گیا توانہوں نے ان کے دانوں بھرے چہرے کا مذاق اڑاتے ہوئے اسے ’دانے دار‘ قراردیا۔

تاہم ہانیہ کو اپنا مذاق اڑایا جانا بالکل پسند نہیں آیا اورانہوں نے یاسرحسین کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا ’’معاف کیجئے گا میرے دوست کو، ان کو آج کل نامناسب مذاق کرنے کی عادت ہوگئی ہے۔‘‘

ہانیہ نے مزید لکھا کہ لوگ کس طرح دوسرے لوگوں کے عدم تحفظات کو نشانہ بناکر ان کا مذاق اڑاتے ہیں، یہ نہایت بدتر چیز ہے اور بہت غلط ہے، یہی وقت ہے سمجھنے کا کہ لوگوں کے عدم تحفظات کامذاق بنانا بالکل بھی صحیح عمل نہیں ہے، بلکہ قابل نفرت ہے۔ حس مزاح اچھی چیز ہے لیکن خیال رکھیں کہ مذاق اس حد تک آگے نہ بڑھ جائے کہ سامنے والے کو برا لگ جائے۔

دوسری جانب یاسرحسین نے اپنی خجالت مٹانے کے لیے ہانیہ عامر کو جواب دیتے ہوئے کہا ’’بس دوست کہہ دیا اسی لیے لکھا تھا، مذاق نہیں تھا، ایکنی کو اردو میں ’دانا‘ کہتے ہیں، برگر‘‘۔

صرف ہانیہ عامر نے ہی نہیں بلکہ سوشل میڈیا صارفین نے بھی یاسر حسین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا، یاسر حسین کی حس مزاح بہت ہی خراب ہے۔ ایک صارف نے لکھا یاسرحسین نے ایک بارپھرثابت کردیا کہ وہ نہایت غیرسنجیدہ اور بیوقوف ہیں۔ یہی لوگ ہوتے ہی جو اسکرین پر کچھ اور پردے کے پیچھے کچھ اورہوتے ہیں اوردوسروں کا مذاق اڑاتے ہیں۔

ایک اور صارف نے کہا یاسر حسین مزید نیچے گرگئے، مجھے سمجھ نہیں آتا انڈسٹری کے لوگ اسے برداشت کیسے کرتے ہیں، بہت ہی شرم کی بات ہے۔

میشا شفیع جھوٹی ہیں، گلوکارہ کنزہ منیر کا عدالت میں بیان قلمبند

لاہور : گلوکار علی ظفر کی جانب سے میشا شفیع کے خلاف دائر ہرجانے کے مقدمے میں گلوکارہ کنزہ منیر نے بطور گواہ بیان ریکارڈ کرادیا اور کہا کہ میشا شفیع جھوٹی ہیں۔

ایڈیشنل سیشن جج لاہور امجد علی شاہ کی عدالت میں گلوکار اور اداکار علی ظفر کے گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوے پر سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران میشا شفیع کے وکلا نے استدعاکی کہ گواہان کے بیانات قلم بند کرانے کے حوالے سے کیس سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہے لہٰذا سپریم کورٹ کے حکم کا انتظار کیا جائے، اس پر علی ظفر کے وکیل نے کہا کہ سیشن جج نے گواہان کے بیانات قلمبند کرنے کا حکم دے رکھا ہے

عدالت نے میشا شفیع کے وکیل کی گواہوں کے بیانات قلم بند نہ کرنے کی استدعا مسترد کی اور گواہوں کو بیان قلمبند کرانے کا حکم دیا۔

علی ظفر کی جانب سے گلوکارہ کنزہ منیر نے شہادت قلمبند کراتے ہوئے بتایا کہ وہ بھی اس نجی اسٹوڈیو میں موجود تھیں جہاں میشا شفیع نے علی ظفر پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا۔

انہوں نے کہا کہ اسٹوڈیو میں کنسرٹ کی ریہرسل چل رہی تھی جس میں 10 سے 11 لوگ موجود تھے، 45 منٹ تک ریہرسل چلتی رہی، جب میشا شفیع اسٹوڈیو پہنچیں تو انہوں نے علی ظفر کو گلے لگا کر سلام کیا تھا

کنزہ منیز کے مطابق ریہرسل مکمل ہونے کے بعد بھی میشا شفیع نے علی ظفر کو بائے بائے بھی اسی انداز میں کیا، ریہرسل کے دوران ویڈیو بھی بن رہی تھی اور دونوں گانے کے دوران 4 سے 5 فٹ دور کھڑے رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں میشا شفیع کے الزامات کا اچھی طرح علم ہے، یہ الزامات جھوٹ ہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے مزید گواہان کو بھی طلب کیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں یہ معاملہ سپریم کورٹ بھی پہنچا جہاں گلوکارہ میشا شفیع نے گواہوں کے بیان ریکارڈ کرانے کے عمل کو چیلنج کیا تھا جس پر سماعت کے دوران اعلیٰ عدالت نے میشا شفیع کے وکیل کی سخت سرزنش کی تھی۔

مولا جٹ كا نام استعمال كرنے كے خلاف درخواست سماعت كے لیے منظور

لاہور: ہائی كورٹ نے فلم مولا جٹ كا نام استعمال كرنے كے خلاف درخواست سماعت كے لیے منظور کرلی۔

لاہور ہائی كورٹ کے جج جسٹس اے مالک نے فلم مولا جٹ كا نام استعمال كرنے كے خلاف پروڈیوسر سرور بھٹی کی درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے درخواست پر لگے دفتری اعتراض ختم كركے درخواست سماعت كے لیے منظور كرلی۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سنسر بورڈ كے پاس فلم كا ٹائٹل دینے كا كوئی اختیار نہیں، سنٹرل پنجاب اور سندھ سنسر بورڈ نے دی لیجنڈ آف مولا جٹ كے ٹریلر كا سنسر سرٹیفكیٹ جاری كیا، مولا جٹ كا ٹریڈ مارک سرٹیفكیٹ درخواست گزار سرور بھٹی كے پاس ہے، فلم كا ٹریڈ آئی پی او پہلے ہی مسترد کیا جاچکا ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ جاری شدہ سنسر سرٹیفكیٹ كو كالعدم قرار دینے كا حكم دے۔

سید نور کا ایران کے اشتراک سے فلم بنانے کا اعلان

لاہور: معروف ہدایت کار سید نور نے ایران کے اشتراک اور تعاون سے فلم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان فلم انڈسٹری کو کئی نامور فلمیں دینے والے ہدایت کار سید نور کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ وہ ایرانی فلم انڈسٹری کے بہت بڑے مداح ہیں اور حال ہی میں انہیں فجر انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی جانب سے بھی مدعو کیا گیا جہاں انہوں نے بطور جج شرکت کی۔

سید نور نے  کہا کہ میری آمد کا جب لوگوں کو پتہ چلا تو بہت سے فلمسازوں نے مجھ سے ملاقاتیں کیں بعد ازاں ایک فلمساز اور ایرانی اداکار کے ہمراہ فلم کے حوالے سے گفتگو بھی ہوئی جس کا باقائدہ اعلان لاہور میں پریس کانفرنس کے ذریعے کیا جائے گا۔

ہدایت کار نے بتایا کہ فلم مشترکہ طور پر بنائی جائے گی جس کی شوٹنگ پاکستان اور ایران میں کی جائے گی جب کہ فلم کی کچھ عکس بندی ترکی میں بھی کی جائے گی۔ فلم کے اسکرپٹ پر کام جاری ہے جب کہ فلم کی شوٹنگ کچھ ماہ بعد شروع کردی جائے گی۔

سید نور نے کرداروں سے متعلق بتایا کہ فلم میں ایرانی اداکار کے ہمراہ صائمہ نور مرکزی کردار ادا کریں گی۔ جب کہ فلم میں دیگر کرداروں کے لئے دونوں ممالک کے نوجوانوں فنکاروں کو شامل کیا جائے گا۔

شوبز ستاروں کا ماؤں کے عالمی دن پر خدا کی اس عظیم ہستی کو خراج تحسین

کراچی: صاف، شفاف، پاکیزہ اور کانوں میں رس گھولتا ہوا لفظ ماں جسے کسی گواہی کی ضرورت نہیں ہوتی، ماں سچائی، اخلاص اور ایثار کا مجسم ہوتی ہے، ماں خلوص کا بہتا ہوا جھرنا اور پُرسکون ندی کی مانند ہے، ماں ایک عظیم نعمت ہے۔ ماں خدا کی طرف سے ہم سب کو دیا ہوا انمول تحفہ ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ماؤں کا عالمی دن منایاجارہا ہے اس موقع پر جہاں عام لوگ اپنی ماؤں سے محبت کا اظہار کررہے ہیں وہیں شوبزستاروں نے بھی اپنی ماؤں کے ساتھ گزارے گئے حسین لمحے اپنے چاہنے والوں کے ساتھ شیئر کرکے دنیا کی اس عظیم ہستی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

مہوش حیات

اداکارہ مہوش حیات نے اس خوبصورت موقع پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا ہم اکثر ماں کی اہمیت کو نظر انداز کردیتے ہیں  لیکن ماں ہونا آسان نہیں یہ دنیا کی سب سے مشکل جاب ہے، میری ماں بہت مضبوط خاتون ہیں، وہ اپنے بچوں کے لیے ایک سپاہی ہیں۔

ماورہ حسین

اداکارہ ماورہ حسین نے ٹوئٹر پر اپنی والدہ کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے بچپن سے اب تک اپنی ماں کے ساتھ گزارے گئے لمحات کو یاد کرتے ہوئے لکھا، اپنی پیدائش کے وقت سے آپ کا ہاتھ تھاما ہوا ہے مجھے آپ سے بےحد محبت ہے، آپ کی عظمت کو سراہنے کے لیے الفاظ کافی نہیں ہیں۔ آپ ہمارے لیے خدا کی طرف سے دیاگیا خوبصورت اور انمول تحفہ ہیں، میں بہت خوش قسمت ہوں کہ آپ میری ماں ہیں۔

فرحان سعید

گلوکار و اداکار فرحان سعید نے اس خوبصورت موقع پرکہا کہ میں آج جو کچھ بھی ہوں اپنی ماں کی وجہ سے ہوں، بچپن سے وہ میری بہت سی باتیں میرے والد سے چھپاتی تھیں تاکہ میں وہ کرسکوں جو کرنا چاہتاہوں اور کئی بار وہ ایسا ظاہر کرتی تھیں کہ انہوں نے میرے والد سے کچھ نہیں کہا تاکہ میں ڈر نہ جاؤں۔ میرے والد بہت سخت مزاج نہیں تھے لیکن بچپن میں آپ والد سے زیادہ ڈرتے ہیں۔ فرحان سعید نے کہا میری ماں نے مجھے وہ بنایا جو آج میں ہوں۔ لوگ کہتے ہیں ماں آپ کی پہلی درسگاہ ہوتی ہے لیکن میرے لیے میری ماں پوری کائنات ہے۔

آمنہ الیاس

ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس کا کہنا تھا کہ اگر میری ماں کی حمایت مجھے حاصل نہ ہوتی تو میں آج کچھ بھی نہیں ہوتی، میری ماں زندگی کے ہر موڑ پر میرے ساتھ کھڑی رہیں میری ماں میری طاقت ہیں۔

بلال عباس خان

اداکار بلال عباس خان نے اپنی ماں کے ساتھ گزارے گئے لمحات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ سب سے بہترین وقت وہ تھا جب میں نے اپنی ماں کے ساتھ عمرے کی ادائیگی کی۔

آمنہ بابر

ماڈل آمنہ بابر نے اپنی ماں کے ساتھ ایک خوبصورت تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی ماں کو ’سپر ہیرو‘قراردیا اور ان کا زندگی کے ہر موڑ پر ساتھ کھڑے رہنے اور ہمیشہ حمایت کرنے پر شکریہ اداکیا۔ آمنہ بابر نے لکھا میری والدہ نے جو کچھ میرے لیے کیا ہے میں اسے کبھی واپس نہیں لوٹاسکتی، میں اپنی ماں سے بے حد محبت کرتی ہوں۔

Google Analytics Alternative