انٹر ٹینمنٹ

سلمان خان نے فلم ‘صنم تیری قسم’ کے ہدایت کاروں پر الزام عائد کردیا

بولی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کی بولی وڈ ڈیبیو فلم ‘صنم تیری قسم’ کے ہدایت کاروں پر اپنی فلم کا گانا چوری کرنے کا الزام عائد کردیا.

دبنگ خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ’میری فلم ‘لکی’ اور ‘صنم تیری قسم’ کے ہدایت کار نے ہیمیش سے میرا گانا چرا لیا ہے۔ اس خوبصورت گانے کو میں نے اپنی فلم تیرے نام کے لیے منتخب کیا تھا‘۔

جہاز خریدنا چاہتا ہوں لیکن میرے پاس پیسے نہیں ہیں”شاہ رخ خان”

شاہ رخ خان بولی وڈ کے سب سے زیادہ کمانے والے اداکاروں میں سے ایک مانے جاتے ہیں، لیکن ایسی بھی کچھ چیزیں ہیں جو وہ خرید نہیں سکتے۔

میڈیا کے مطابق ایسی ہی ایک خواہش کا اظہار کرتے ہوئے شاہ رخ خان کا کہنا تھا ’میں ایک جہاز خریدنا چاہتا ہوں لیکن میرے پاس پیسے نہیں ہیں، کیونکہ میں اپنے سارے پیسے فلموں پر لگا دیتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ ایک دن میں اتنے پیسے کما لوں گا۔ فی الحال کسی ایک کا ہی انتخاب کیا جاسکتا ہے، یا تو جہاز لے لوں یا فلم بنا لوں، اس لیے میں نے فلم بنانے کا انتخاب کیا ہے‘۔

چھوٹی اسکرین سے بولی وڈ صنعت پر راج کرنے والے شاہ رخ خان فلم اسٹار ہونے کے ساتھ ساتھ پروڈکشن ہاؤس ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کے بھی مالک ہیں۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی گزشتہ سال ریلیز ہونے والی فلم ’دل والے‘ کو بین الاقوامی سطح پر کافی اچھا ردعمل موصول ہوا تھا تاہم کنگ خان فلم کی کمائی سے کچھ مایوس نظر آئے تھے۔

شاہ رخ خان اس وقت دو فلموں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ’رئیس‘ اور ’فین‘ شامل ہیں۔

فلم ’رئیس‘ میں شاہ رخ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور نوازالدین صدیقی کے ہمراہ اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

انوپم کھیرکا ویزا پروسسس میں ہے،پاکستان ہائی کمیشن

کراچی : بھارتی ادا کار انوپم کھیر کو پاکستانی سفارت خانے نے ویزا دینے سے انکار کردیا۔

پاکستانی ہائی کمشن کا کہنا ہے انوپم کھیرکا ویزا پروسسس میں ہے،انہیں ویزے کے طریقہ کار کا علم نہیں تھا۔جس کی وجہ سے ویزا کا اجرا نہیں کیا گیا،انوپم کھیر کو کراچی لٹریچرفیسٹول میں شرکت کیلئے پاکستان آنا تھا۔

انو پم کھیر کا کہنا ہے ویزا جاری نہ ہونا افسوسناک ہے، انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستان نہ آنے کا بہت افسوس ہے میری خواہش تھی کہ میں پاکستان جاکر اپنے ملک کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام پہنچاوں گا اور غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے کردار ادا کروں گا لیکن نہ جانے کیوں حکومت پاکستان نے مجھے ویزا دینے سے انکار کردیا بلکہ اب تک مجھے میرا پاسپورٹ بھی واپس نہیں کیا

علی ظفر اپنی اگلی بولی وڈ فلم میں عالیہ بھٹ کے ہمراہ اداکاری کر ینگے

پاکستان کے معروف اداکار علی ظفر اپنی اگلی بولی وڈ فلم میں عالیہ بھٹ کے ہمراہ اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔

فلم فیئر کی ایک رپورٹ کے مطابق دونوں اداکار ہدایت کار گوری شندے کی آنے والی فلم میں نظر آئیں گے۔

یہ وہی فلم ہے جس کی کاسٹ میں شاہ رخ خان بھی شامل ہیں اور اس فلم کے اعلان کے بعد متعدد لوگوں نے شاہ رخ اور عالیہ کی نامناسب جوڑی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

رپورٹس کے مطابق اس فلم میں علی ظفر کے ساتھ ساتھ ’رنگ دے بسنتی‘ کے اداکار کنال کپور بھی نظر آئیں گے۔

فلم کے ہدایت کار کے مطابق یہ کوئی روایتی رومانوی کہانی نہیں ہوگی۔

یہ فلم علی ظفر کی بولی وڈ میں ساتویں فلم ہوگی، اس سے قبل انہوں نے ’کل دل‘، ’میرے برادر کی دلہن‘، اور ’چشمِ بد دور‘ کے سیکوئل میں کام کیا ہے۔

علی ظفر اس وقت اپنی پروڈکشن فلم ’دیوسائی‘ کی پروڈکشن میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب عالیہ بھٹ اس وقت اپنی آنے والی فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں جس میں ان کے ہمراہ فواد خان اور بولی وڈ اداکار سدھارتھ ملہوترا نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

مثانے کے کینسر کو شکست دی جا سکتی ہے،مشہور ریسلر بریٹ ہارٹ

ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کے سابق چیمپئن بریٹ ’دی ہٹ مین‘ ہارٹ کینسر میں مبتلا ہیں۔

سپر اسٹار بریٹ نے یہ خبر انسٹاگرام پر اپنے ہزاروں مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے کہا ’ میں بتانا چاہتا ہوں کہ میں مثانے کے کینسر سے لڑائی لڑ رہا ہوں‘۔

اپنے طویل پیغام میں بریٹ نے کہا کہ وہ اس صورتحال کا سامنا کرنے والے ہر شخص کیلئے ایک مثال قائم کرنا چاہتے ہیں۔

2006 میں ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیم کا حصہ بننے والے کینیڈین ریسلر نے مزید بتایا کہ آنے والے دنوں میں ان کی سرجری متوقع ہے۔

1997 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے باس وینس مک مین سے مشہور زمانہ لڑائی کے بعد انہوں نے رنگ کو خیرباد کہہ دیا تھا، لیکن کئی سال گزرنے کے بعد انہوں نے وقتی کم بیک کیا۔

انہوں نے انسٹاگرام پر کہا ’ میرے مداحوں نے ہمیشہ مجھے ہیرو سمجھا اور میں نے بھی رنگ میں اور باہر ان کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کی‘۔

’میں کینسر کے خلاف عزم اور زندگی کی خواہش پر مبنی تلوار اور ڈھال سے شدید لڑائی لڑوں گا‘۔

بریٹ کے والد سٹو ہارٹ بھی ایک ریسلر اور ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیم کا حصہ تھے۔ ان کے بھائی اوون 1999 میں رنگ کے دوران ڈرمائی انٹری کے وقت ایک متنازعہ حادثے میں ہلاک ہوئے تھے۔

بریٹ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی اگلی لڑائی میں ثابت کریں گے کہ ’مثانے کے کینسر کو شکست دی جا سکتی ہے‘.

اجےدیوگن ہدایت کاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری کا بھی مظاہرہ کریں گے

بولی وڈ اداکار اجے دیوگن اپنی آنے والی فلم ’شیوے‘ کے ساتھ ہدایت کاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری کا بھی مظاہرہ کریں گے۔

فلم کے میوزک کمپوزر میتھون کا کہنا تھا ’میں نے اداکار اجے دیوگن سے جنوری میں فلم کے گانے کے حوالے سے بات چیت کی تھی۔ اجے کو میوزک کی بہت اچھی سمجھ ہے اور یہ گانا فلم کی جان ہوگا۔ انہیں اس کا خیال بے حد پسند آیا جس کے بعد ٹائٹل سانگ گانے کی حامی بھی بھرلی‘۔

اس گانے میں کچھ انٹرنیشنل آرٹسٹ بھی اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔

میتھون کا مزید کہنا تھا اجے نے انہیں فلم کے میوزک کے حوالے سے مکمل آزادی دی اور وہ اس گانے کے گلوکاری کے لیے اجے دیوگن کے علاوہ کسی اور کے بارے میں نہیں سوچ سکتے‘۔

اجے دیوگن فلم ’شیوے‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی ہدایت کاری کے فرائض بھی انجام دے رہے ہیں۔

فلم کے میوزک کے حوالے سے میتھون نے بتایا کہ انہوں نے فلم کے میوزک کو لے کر کافی محنت کی اور ان کا دعویٰ تھا کہ اپنے دس سالہ کیرئیر میں انہوں نے ایسا میوزک نہیں بنایا۔

اجے اس گانے کی ریکارڈنگ اس ماہ کے آخر تک مکمل کرلیں گے۔

انڈیا میں انتہائی عدم برداشت پائی جاتی ہے”شاہ رخ خان”

گزشتہ سال ’انتہائی عدم برداشت‘ پر اپنے خیالات کی وجہ سے تنازع کا سبب بننے والے بولی وڈ سپر اسٹار نے جمعہ کو اس موضوع پر سوالات کو نظر انداز کر دیا۔

بچوں کیلئے تعلیمی و تفریحی تھیم پارک کے باضابطہ اعلان کی تقریب میں موجود شاہ رخ سے جب پوچھا گیا کہ آیا ’عدم برداشت‘ پر ان کے تبصرے سے معاشرے میں شعور اجاگر ہوا؟ تو کنگ خان نے کہا کہ ’میرے خیال میں ہر موضوع کیلئے ایک مخصوص پلیٹ فارم ہوتا ہے۔ یہاں ہم بچوں کیلئے آئے ہیں، لہذا بہتر ہو گا کہ اس سوال کا مناسب پلیٹ فارم پر جواب دیا جائے‘۔

خیال رہے کہ شاہ رک نے اپنے ’متنازع‘ تبصرے میں کہا تھا کہ انڈیا میں انتہائی عدم برداشت پائی جاتی ہے۔ ان کے تبصرے پر فلمی برادری کے کئے حلقوں اور متعدد سیاست دانوں نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

شاہ رخ کے علاوہ عامر بھی گزشتہ سال ملک میں بڑھتی عدم برداشت کا ذکر کر چکےہیں

سلمان خان نے 20کروڑ روپے ٹیکس کی مد میں جمع کرائے

ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان فلم انڈسٹری کے ٹاپ ہیروز کی لسٹ میں سر فہرست ہونے کے ساتھ ٹیکس ادا کرنے والے اداکاروں میں بھی سب سے آگے ہیں۔سلمان خان نے ٹیکس کی ادائیگی میں بولی ووڈ اسٹار اکشے کمار کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔2015 کے مالی سال میں سلمان خان نے 20کروڑ روپے ٹیکس کی مد میں جمع کرائے جبکہ اکشے کمار16کروڑ روپے کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔انڈسٹری کے دیگر ٹیکس ادا کرنے والے اداکاروں میں میگا اسٹار امیتابھ بچن، شاہ رخ خان اور رنبیر کپورکے نام شامل ہیں۔ممبئی کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے پیش کیے جانے والے اعدادوشمار کی فہرست کے مطابق گزشتہ سال رنبیر کپور نے 15کروڑ اور شاہ رخ خان نے ٹیکس کی مد میں 14کروڑ روپے جمع کرائے۔

Google Analytics Alternative