- الإعلانات -

الیکٹرونک میل (Email) کے موجد، ٹاملنسن 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

نیویارک: جدید الیکٹرونک میل (ای میل) کے موجد اور امریکی کمپیوٹر پروگرامر رے ٹاملنسن 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

رے ٹاملنسن کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔

ٹاملنسن نے 1971 میں پیغام کو ایک نیٹ ورک سے دوسرے نیٹ ورک تک بھیجنے کا خیال ظاہر کیا جس کے بعد انہوں نے ماڈرن ای میل ایجاد کی جس میں پہلی بار @ (ایٹ دی ریٹ) کا استعمال کیا گیا۔

جس وقت رے ٹاملنسن نے اپنی پہلی ای میل بھیجی، وہ بولٹ، بیرانک اور نیومین ریسرچ کمپنی میں بحیثیت انجینیئر کام کر رہے تھے۔

اس کمپنی نے انٹرنیٹ کی ابتدائی شکل ’آرپانیٹ‘ وضع کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

اپنی پہلی ای میل کے حوالے سے ٹاملنسن کا کہنا تھا کہ ‘انہیں یاد نہیں کہ انہوں نے تجرباتی طور پر پہلا پیغام کون سا بھیجا تھا، شاید وہ کوئی بھول جانے والا پیغام ہوگا۔’

ٹاملنسن کو ان کی خدمات کے اعتراف میں 2012 میں انٹرنیٹ کے ‘ہال آف فیم’ میں شامل کیا گیا۔

رے ٹاملنسن کی خدمات کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔