- الإعلانات -

سرفراز احمد کو ٹی ٹونٹی کے لئے کپتان بنانے پر بھارت میں مٹھائی بانٹی گئی

سرفراز احمد کو ٹی ٹونٹی کے لئے کپتان بنانے پر بھارت میں ان کے رشتہ داروں نے مٹھائی بانٹی
لکھنﺅ ۔ 11 اپریل (اے پی پی) پاکستانی کرکٹ ٹیم میں وکٹ کیپر سرفراز احمد کو ٹی ٹونٹی کے لئے کپتان بنانے پر بھارت میں مٹھائیاں بٹ گئی،ذرائع کے مطابق سرفراز احمد کو ٹی ٹونٹی کے لئے کپتان بنانے پر بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع اٹاوہ میں ان کے رشتہ داروں نے محلہ میں مٹھائی بانٹی اور خوب خوشی منائی ہے،اٹاوہ میں رہنے والے محبوب حسن صدیقی سرفراز کے سگے ماموں ہیں جن کے مطابق ان کو اور ان کے خاندان کو سرفراز کو اتنی اہم ذمہ داری سونپے جانے کی امید نہ تھی اور ایسا ہونے پر ان کو یقین نہیں آرہا تھا۔انھوں نے کہا کہ سرفراز کے کپتان بننے پر ان کو بے حد خوشی ہے اور مارے خوشی کے ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے تھے۔محبوب حسن اٹاوہ کے ایک انجینئیرینگ کالج میں سینئر کلرک ہیں ان کو سرفراز کے کپتان بننے کی اطلاع بہن عقیلہ نے ٹیلی فون پر دی تھی۔انھوں نے کہا کہ وہ گذشتہ سال مئی میں سرفراز کی شادی پر پاکستان گئے تھے۔