- الإعلانات -

کینیڈا کے قدیم قبائل میں خود کشی کے رجحان میں تیزی سے اضافہ

مونٹریال۔ کینیڈا کے قدیم مقامی قبائل میں خود کشی کے رجحان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ کینیڈا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق شمالی صوبہ اونٹا لویو کے جیمز بے نامی ساحلی علاقوں میں آباد 2ہزار نفوس پر مشتمل قدیم مقامی قبیلہ کے 11 افراد رواں ماہ اب تک اپنی زندگیوں کا خاتمہ کرچکے ہیں جبکہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران اس قبیلہ کے ایک سو افراد نے خودکشی کی کوشش کی ‘ خودکشی کی کوشش کرنے والوں میں 11 سالہ بچوں سے لیکر 71 سالہ معمر افراد تک شامل ہیں ۔ کینیڈا کی وزیر صحت نے ایک بیان میں صورتحال کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگامی امداد کے طور پر ماہرین نفسیات کی ایک ٹیم مذکورہ علاقے کی طرف روانہ کردی گئی ہے۔ قدیم مقامی قبائل سے متعلقہ امور کی وزیر کیرولین بینٹ نے ان قبائل کو مرکزی سماجی دھارے میں شامل کرنے کے لئے طویل المدت اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ قدیم مقامی قبائل دوسروں سے الگ تھلک رہتے ہیں۔