- الإعلانات -

ڈاکیے نے بیگم کی یاد میں تاج محل تعمیر کر دیا

indian-postman-taj-mahal

محبت کے رنگ بھی عجیب ہوتے ہیں ۔یہ عمر کے پابند نہیں ہوتے ۔ محبت کی ایسی ہی ایک جھلک ابھی چند دن قبل دیکھنے میں آئی ہے۔ بھارت کے ایک ریٹائرڈ بزرگ ڈاکیے نے اپنی بیگم کی یاد میں تاج محل تعمیر کر دیا۔ تفصیل کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے ایک گاؤں بلند شہر کے رہائشی 80سالہ بزرگ فیض قادری نی اپنی مرحوم اہلیہ کی یاد میں تاج محل کا نمونہ بنا دیا۔ فیض الحسن قادری ایک ریٹائرڈ ڈاکیے ہیں جن کی اہلیہ تجمل بیگم کا 4برس قبل گلے کے کینسر کے باعث انتقال ہو گیا تھا۔ فیض الحسن قادری نے اہلیہ کو اپنی زرعی زمین میں دفنایا تھا اور پھر اس کی قبر پر تاج محل کی تعمیر شروع کر دی تھی۔ فیض الحسن قادری نے اس تعمیر پر اپنی ساری جمع پونجی خرچ کر دی ہے تاہم اس کی تعمیر ابھی تک مکمل نہیں ہو سکی۔ فیض الحسن نے اہلیہ کی قبر کے ساتھ اپنی قبر کی جگہ بھی مختص کر رکھی ہے۔ جب وزیر اعلیٰ اتر پردیش کو اس واقعے کی اطلاع ملی تووہ بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ پائے۔ وزیر اعلیٰ نے فیض الحسن قادری کی مالی معاونت کی خوہش کا اظہار کیا ہے۔