- الإعلانات -

پیرس حملوں کے ماسٹر مائنڈ کے بھائی کو 2 سال قید کی سزا

رباط۔.  مراکش کی انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے پچھلے سال نومبر میں فرانس کے دارالحکومت پیرس میں دہشت گردی کے ماسٹر مائنڈ قرار دئیے گئے عسکریت پسند عبدالحمید ابا عوض کے چھوٹے بھائی یاسین اباعوض کو 2 سال قید کی سزاکا حکم دیا ہے۔ یاسین اباعوض کے پاس مراکش کے ساتھ ساتھ بلجیم کی شہریت بھی ہے۔ مراکش کی عدالت نے یاسین ابا عوض پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کو فروغ دینے اور اپنے بھائی کی دہشت گردانہ کارروائیوں کے بارے میں حکام کو مطلع نہ کرنے کے الزام میں قید کی سزا سنائی ہے۔عدالتی فیصلے کے موقع پر یاسین ابا عوض کے وکلاءنے اپنے موکل کو ہر انتہا پسندی کے الزامات سے بری الذمہ قرار دیتے ہوئے عدالت سے اس کی بریت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا موکل کسی قسم کی دہشت گردی میں ملوث ہے اور نہ ہی اس نے ایسا کوئی منصوبہ تیار کیا تھا۔سزا پانے والے مبینہ شدت پسند یاسین ابا عوض کو مراکشی پولیس نے چند ماہ قبل جنوبی شہر اکادیر سے حراست میں لیا تھا۔ اس پر بیلجیم میں سرگرم دہشت گرد گروپوں کے ساتھ تعلق کے شبے میں گرفتار کیا گیا۔