- الإعلانات -

داعش نے شامی شہروں تدمر اور حمص کو ملانے والی شاہراہ کاٹ دی

دمشق ـ شام میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں مانیٹر کرنے والی تنظیم کے مطابق انتہا پسند تنظیم داعش نے تاریخی اہمیت کے شہر تدمر اور حمص کو ملانے والی بڑی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔ چند ہفتے قبل بشار الاسد کی حامی فوج نے اس شہر کو داعش کے چنگل سے واگزار کرایا تھا۔مانیٹرنگ گروپ کے مطابق داعش نے حمص اور تدمر کو ملانے والی بڑی شاہراہ کو الطیفور فوجی ہوائی اڈے کے قریب حملہ کر کے بلاک کر دیا۔ یہ حملہ حمص کی مشرقی سمت سے کیا گیا۔ یاد رہے کہ داعش کی جانب سے تدمر اور حمص کو ملانے والی شاہراہ اگرچہ دونوں شہروں کو ملانے والا مرکزی راستہ ہے، تاہم اس کے علاوہ چند دیگر راستوں کے ذریعے بھی دونوں شہروں کے درمیان رابطہ بحال رکھا جا سکتا ہے۔یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو نے تدمر شہر کو تاریخی ورثہ قرار دے رکھا ہے۔ شامی فوج نے حمص اور تدمر پر گذشتہ مارچ میں اپنا کنٹرول بحال کر لیا تھا جب روسی طیاروں کی مدد سے انہوں نے شہر پر حملہ کیا۔