- الإعلانات -

پیغمبرِ اسلام پر ایرانی فلم ریلیز کر دی گئی

Iran-Prophet-Film

پیغمبرِ اسلام کے بچپن پر بننے والی ایران کی سب سے مہنگی فلم ’محمد‘ جمعرات کو ایران میں ریلیز کر دی گئی ہے جسے اب تک دیکھنے والوں نے کافی سراہا ہے۔

اس 171 منٹ کی فلم کے خالق ایران کے بین الاقوامی شہرت یافتہ فلم ساز اور ہدایت کار مجید مجیدی ہیں۔

سات سال کے عرصے میں بننے ولی اس فلم پر تقریباً چار کروڑ ڈالر لاگت آئی ہے جس میں سے آدھی رقم حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی ہے۔

یہ فلم پیغمبرِ اسلام کی زندگی پر بنی ہے اور اسے تین حصوں میں مکمل کیاگیا ہے۔

جو فلم ریلیز ہوئی ہے وہ پہلا حصہ ہے اور اس میں پیغمبرِ اسلام کی پیدائش سے ان کے شام کے پہلے دورے تک کے واقعات کا احاطہ کیاگیا ہے جب ان کی عمر 12 برس تھی اور روایت کے مطابق راستے میں ایک عیسائی راہب نے یہ پیش گوئی کی تھی کہ وہ ایک دن خدا کے نبی بنیں گے۔

فلم کی بیشتر شوٹنگ تہران سے کچھ دور واقع ایک پہاڑی علاقے میں کی گئی ہے جہاں چھٹی اور ساتویں صدی کے مکہ اور مدینہ کا ایک وسیع سیٹ تیار کیا گیا۔