بادشاہ کو بلیک میل کرنے کی کوشش، دو صحافی گرفتار
فرانسیسی پولیس نے دو صحافیوں کو مراکش کے شاہ محمد ششم کو بلیک میل کرنے کی کوشش اور رقم وصول کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ ان گرفتاریوں کی پیرس میں دفتر استغاثہ اور مراکش کے بادشاہ کے وکیل نے بھی تصدیق کر دی ہے۔
گرفتار کیے گئے دونوں صحافی فرانسیسی شہری ہیں۔ ان میں سے ایک خاتون ہے اور دوسرا ایک مرد۔ ان کے نام ایرک لاراں اور کیتھرین گارسیئے بتائے گئے ہیں۔ پیرس میں اسٹیٹ پراسیکیوٹر کے دفتر نے جمعے کی سہ پہر کہا کہ یہ دونوں صحافی ابھی تک پولیس کی حراست میں ہیں تاہم یہ بات واضح طور پر نہیں بتائی گئی کہ حکام نے انہیں کب گرفتار کیا۔
مراکش کے شاہ محمد ششم کے وکیل ایرک دیوپاں موریتی کے مطابق ملزم ایرک لاراں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ کیتھرین گارسیئے کے ساتھ مل کر شاہ محمد کے بارے میں ایک ایسی کتاب لکھ رہا تھا، جس میں کافی انکشافات کیے جانا تھے اور جس کی اشاعت سے مراکش کے بادشاہ کی شخصیت اور ساکھ کو نقصان پہنچتا۔