- الإعلانات -

برطانوی رکن پارلیمنٹ جو کوکس ایک قاتلانہ حملے میں ہلاک

لندن  برطانوی رکن پارلیمنٹ جو کوکس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئیں۔ کوکس کو برسٹل میں فائرنگ اور چاقو کے وار کر کے زخمی کیا گیا تھا۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے خاتون رکن پارلیمنٹ کی ہلاکت کو سانحہ قرار دے دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق برطانوی رکن پارلیمنٹ جو کوکس کو انگلینڈ کے علاقے برسٹل میں ایک شخص نے فائرنگ اور چاقو سے وار کر کے شدید زخمی کیا۔ ریسکیو اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور خاتون رکن پارلیمنٹ کو اسپتال منتقل کیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔

یارک شائر پولیس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ کی موت کی تصدیق کر دی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے آلہ واردات برآمد کر لیا جبکہ حملے میں ایک اور شخص زخمی ہوا ہے تاہم اس کی حالت خطرے سے باہرہے۔برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے جو کوکس کی موت کو سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں کوکس کے شوہر اور ان کے دو بچوں کے ساتھ ہیں۔ ڈیوڈ کیمرون نے برطانیہ کی یورپی یونین میں رہنے یا علیحدگی اختیار کرنے کے حوالے سے ریفرنڈم مہم بھی روک دی۔لیبر پارٹی کے رہنما جیرومی کوربن نے بھی جو کوکس کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ خاتون رکن پارلیمنٹ کی موت پر نہ صرف لیبر پارٹی بلکہ پورا ملک صدمے سے دوچار ہے