- الإعلانات -

برطانیہ اپنی علیحدگی پر جلد از جلد ’اپنی پوزیشن واضح کرے،یورپی یونین

یورپی یونین کے سربراہ ژاں کلود ینکر نے برطانیہ پر زور دیا ہے کہ وہ یورپی یونین سے اپنی علیحدگی پر جلد از جلد ’اپنی پوزیشن واضح کرے۔‘انھوں نے یورپی پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ دوست رہے گا، لیکن اسے غیر یقینی صورت حال سے بچنے کے لیے اپنی پوزیشن واضح کرنے کی ضرورت ہے۔برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدگی کے فیصلے کے بعد برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون یورپی یونین کے رہنماؤں سے پہلی بار ملاقات کرنے والے ہیں۔مسٹر ینکر نے کہا: ’جتنا جلد ممکن ہو ہمیں حالات کو واضح کرنے کی ضرورت ہے۔ لیکن ابھی بھی میں اداس ہوں کیونکہ میں کوئی روبوٹ، سن رسیدہ بیوروکریٹ یا ٹیکنوکریٹ نہیں ہوں۔میں ایک یورپی ہوں اور مجھے یہ کہنے کا حق ہے کہ مجھے برطانیہ کے ریفرینڈم کے نتیجے پر افسوس ہے۔‘برطانوی وزیر اعظم ریفرینڈم کے بعد کے مضمرات اور یورپی یونین کی برسلز میں ہونے والی سربراہی کانفرنس کے بارے میں بات کریں گے۔دوسری جانب جرمنی، فرانس اور اٹلی کے سربراہوں نے سوموار کو کہا ہے کہ ’اس مرحلے پر برطانیہ کی علیحدگی پر کوئی رسمی یا غیر رسمی بات چیت نہیں ہو گی۔‘

دریں اثنا وزیر صحت جیرمی ہنٹ نے برطانیہ کی علیحدگی کی شرائط پر دوسرا ریفرینڈم کرانے کی بات کہی ہے۔