- الإعلانات -

پاکستان انڈیا سے مذاکرات میں پیچھے نہیں ہٹ رہا،سرتاج عزیز

اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان انڈیا کے ساتھ مذاکرات میں پیچھے نہیں ہٹ رہا اور انڈین وزیرِ اعظم کی اس حوالے سے منطق سمجھ سے بالاتر ہے۔ ذرائع  کے مطابق انڈین وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ایک حالیہ بیان کے ردعمل میں سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ دراصل انڈیا پیچھے ہٹ رہا ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ اسے مذاکرات کی میز پر کشمیر اور دیگر معاملات پر بات چیت کرنا ہوگی۔سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ انڈیا کے ساتھ شہری روابط، ویزا، ماہی گیروں کے مسائل، تجارت، معاشی تعاون، کشمیر، سیاچن اور سر کریک کے مسائل کے حوالے سے بات چیت کے لیے جامع اور مرکب مذاکرات کی شکل موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انڈین فوج کے سیاچن میں مفادات ہیں اور گذشتہ مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان سیاچن کے حوالے سے معاہدہ طے پاگیا تھا لیکن انڈین فوج نے اسے مسترد کر دیا۔خیال رہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اس سے پہلے بھی انڈیا کے ساتھ بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو شامل کیے بغیر کوئی بھی مذاکراتی ایجنڈا مکمل نہیں سمجھا جا سکتا۔