- الإعلانات -

کھل نائیک کا سیکوئل، سنجے ’بلو بلرام‘ بنیں گے

بولی وڈ کی 1993 کی کامیاب فلم ’کھل نائیک‘ کا سیکوئل بنایا جارہا ہے جس میں مرکزی کردار ایک بار پھر سنجے دت ہی کرتے نظر آئیں گے۔

ممبئی: فلم کے ہدایت کار سبھاش گھائی نے اعلان کیا ہے کہ فلم ’کھل نائیک ریٹرنز‘ میں سنجے دت ’بلو بلرام‘ کا کردار کرتے نظر آئیں گے جبکہ فلم کی پروڈکشن کا کام رواں سال کے آخر میں شروع کیا جائے گا۔یاد رہے کہ 56 سالہ سنجے دت کو 1993 کے ممبئی حملہ کیس میں غیر قانونی ہتھیار رکھنے کا الزام ثابت ہونے پر، مارچ 2013 میں ہندوستان کی سپریم کورٹ کی جانب سے 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔سنجے دت اپنی قید کے دوران بھی کئی بار کچھ عرصے کے لیے جیل سے باہر آئے جس دوران انہوں نے فلموں میں مختصر کردار بھی ادا کیے، جس میں بولی وڈ کی 2014 میں کامیاب ہونے والی فلم ’پی کے‘ شامل ہے۔71 سالہ فلم ساز سبھاش گھائی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ انہوں نے فلم کا خیال سنجے کے سامنے اس وقت رکھا جب وہ عارضی طور پر جیل سے رہائی لے کر آئے تھے۔خبر کے مطابق سبھاش گھائی اس فلم کے لیے ایک اور ہدایت کار کو بھی منتخب کریں گے ساتھ ساتھ فلم میں موجود اداکاروں کے لیے ایک ورک شاپ بھی منعقد کی جائے گی۔فلم میں موجود دوسرے اداکاروں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے اب تک کسی اور کو اس فلم میں سائن نہیں کیا، ہم سب سے پہلے فلم کا اسکرپٹ مکمل کر رہے ہیں اور صحیح وقت آنے پر ہم باقی باتوں کا بھی اعلان کریں گے‘۔واضح رہے کہ فلم ’کھل نائیک‘ 1993 کی کامیاب فلموں میں سے ایک تھی جس کا گانا ’چولی کے پیچھے کیا ہے‘ شائقین میں کافی مقبول ہوا۔

اس فلم میں سنجے دت کے ساتھ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ اور جیکی شروف نے اہم کردار ادا کیے تھے۔