- الإعلانات -

40 کشمیریوں کی شہادت ، عالمی برادری خاموش

سری نگر : کٹھ پتلی حکومت نے گزشتہ روز سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کو گرفتار کیا. مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری خاموش ، شہید کشمیریوں کی تعداد چالیس ہو گئی ، چھٹے روز بھی کرفیو نافذ ہے ۔ جبکہ معصوم کشمیریوں کی شہادت پرعالمی برادری خاموش ہے۔

مقبوضہ وادی میں چھ روز سے بھارتی فوج کی جانب سے معصوم نہتے کشمیریوں پر زندگی تنگ کی جا رہی ہے ۔ 6 روز میں 40 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے جبکہ 2500 سے زائد زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔

کٹھ پتلی حکومت نے گزشتہ روز سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کو گرفتار کر لیا ۔ حریت رہنماؤں نے کشمیر میں شٹرڈاؤن ہڑتال پندرہ جولائی تک بڑھا دی ۔

اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کی جانب سے کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے ۔ تنظیم کے سیکریٹری جنرل ایاد امین مدنی کا کہنا ہے کہ آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے جس کو دبایا نہیں جا سکتا ۔ بھارتی فوج نے کشمیریوں پر ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے اس کو روکنا ہو گا اور عالمی برادری کو کشمیر میں ظلم و ستم کی شفاف تحقیقات کرنی ہو گی