- الإعلانات -

بھارت سے کرکٹ کھیلنے کے لیے اس کے پیچھے بھاگے نہیں جارہے.شہریار خان

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ بھارت سے کھیلنے کے لیے اس کے پیچھے بھاگے نہیں جارہے اور اس سے کھیلے بغیر بھی زندہ رہ سکتے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے چیرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند سالوں میں بھارت نے پاکستان سے کرکٹ نہیں کھیلی اور اگر بھارت نے دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں طے شدہ سیریز نہیں کھیلی تو بھی ہم گزارا کرلیں گے،ہمیں اس بات کی فکر نہیں کہ بھارت ہم سے نہیں کھیل رہا تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کو چاہیئے کہ وہ معاہدے کی پاسداری کرے اور مستقبل میں دو طرفہ سیریز کیلئے بہتری لائے۔ شہریار خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کے امکانات بہت کم ہیں تاہم ابھی بی سی سی آئی نے تحریری طور پر سیریز کھیلنے سے انکار نہیں کیا، انہیں بھارتی حکومت کی اجازت کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں علم ہے کہ بھارتی بورڈ معاشی طور پر مضبوط ہے اور ہم مشکل حالات سے گزر رہے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم ان سے کھیلے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے، ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھا جائے اور دونوں کو ایک ساتھ ملایا جائے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2018 سے 2023 تک دوطرفہ 8 سیریز پر دستخط ہو چکے ہیں جن میں سے پاکستان نے دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں سیریز کی میزبانی کرنی ہے تاہم بھارت معاہدے کی پاسداری نہیں کررہا اور سیریز کا انعقاد مشکل نظر آتا ہے۔