- الإعلانات -

ہیکرز نے ڈیموکریٹ پارٹی کی انتخابی مہم پر سائبر حملے تیز کردیے

ہیکرز نے ڈیموکریٹ پارٹی کی انتخابی مہم پر حملے تیز کردیے ہیں۔ گزشتہ ہفتے ہیکرز نے ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کا سسٹم ہیک کرکے ای میلز چرا لی تھی ۔

امریکی میڈیا کے مطابق ہلیری کلنٹن کی مہم کے علاوہ ڈیموکریٹک کانگریشنل کمپین کمیٹی بھی سائبر حملے کی زد میں آئی ہے۔ جو ڈیموکریٹک امیدواروں کے لیے فنڈ اکٹھا کرنے کا کام کرتی ہے ۔

ہیلری کلنٹن کے انتخابی مہم کے ترجمان کے مطابق ہیکرز نے ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کے ڈیٹا پروگرام اور انتخابی مہم کے کمپیوٹر سسٹم کو ہیک کرنے کی کوشش کی ۔

تاہم اس بات کے کوئی شواہد نہیں ہیں کہ ان کےاندرونی سسٹم حملے کا شکار ہوئے ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق ان سائبر حملوں کے پیچھے روسی ہیکرز ہیں جبکہ روس نے امریکی الزامات کو مسترد کردیا ہے ۔