- الإعلانات -

بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں پل گرنے سے درجنوں افراد لاپتہ

ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں شدید بارشوں کے باعث نظام زندگی متاثر ہو کر رہ گیا ہے جب کہ دریائے ساوتری میں طغیانی کے باعث ممبئی کو گوا سے ملانے والا پل گرنے سے متعدد گاڑیاں دریا میں بہہ گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مہاراشٹرا میں شدید بارشوں کے باعث دریائے ساوتری میں طغیانی آ گئی ہے، شدید بارش کے باعث ممبئی کو گوا سے ملانے والا پل گرنے سے 2 بسیں اور متعدد گاڑیاں دریا میں بہہ گئی ہیں۔

مہاراشٹرا حکومت کی زیرانتظام چلنے والی بسوں میں عملے کے 4 افراد سمیت 22 افراد لا پتہ ہیں جن کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے تاہم مسلسل بارشوں کے باعث آپریشن میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔