- الإعلانات -

افغانستان: 2 غیر ملکی شہری گن پوائنٹ پر اغواء

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل سے دو غیر ملکی شہریوں کو گن پوائٹ پر اغواء کرلیا گیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ افغانستان میں غیر ملکیوں کے اغواء کے واقعات کا سلسلہ جاری ہے اور اب کابل میں امریکی یونیورسٹی سے گن پوائنٹ پر ایک امریکی اور ایک آسٹریلوی پرفیسر کو اغواء کرلیا گیا۔

تاہم مذکورہ شہریوں کے اغواء کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کو ایک سیکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ کابل کے مرکزی شہر دارالامان روڈ سے گن پوائٹ پر دو غیر ملکی پروفیسروں کو اغواء کرلیا گیا۔

مذکورہ عہدیدار کا کہنا تھا کہ ریسکیو کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے انھیں واقعے کی مزید تفصلات بناتے سے منع کیا گیا ہے۔

غیر ملکیوں کے اغواء کا حالیہ واقعہ ہندوستانی سماجی کارکن جوڈتھ ڈی سوزا کی بازیابی کے صرف 2 ہفتے بعد پیش آیا ہے،جنھیں کابل سے گن پوائنٹ پر اغواء کرلیا گیا تھا۔

ادھر امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ امریکا اپنے شہریوں کے اغواء کے بارے میں بخوبی آگاہ ہے، تاہم انہوں نے اس حوالے مزید کچھ بتانے سے انکار کیا۔

آسٹریلوی حکومت نے اپنے شہری کے اغواء کی تصدیق کی ہے تاہم انہوں نے بھی سیکیورٹی خدشات کی بناء پر اس واقعے کے حوالے سے مزید کچھ کہنے سے گریز کیا۔

آسٹریلوی حکومت نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم اپنے شہریوں کے اغواء کے خطرے اور سیکیورٹی کی خراب صورتحال کے پیش نظر انھیں افغانستان نہ جانے کی ہدایت کرتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ افغانستان میں غیر ملکیوں کے اغواء کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

گذشتہ ہفتے افغانستان کے شمالی صوبے ہرات میں مسلح افراد نے برطانوی، امریکی اور جرمن شہریوں سمیت سیاحوں کے ایک گروپ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں کئی غیر ملکی شہری زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل رواں برس 9 جون کی رات کو 40 سالہ ہندوستانی سماجی کارکن جوڈتھ ڈی سوزا کو اغواء کیا گیا تھا، وہ بین الاقوامی این جی او آغا خان فاؤنڈیشن سے وابستہ تھیں، جنھیں بعدازاں بازیاب کروالیا گیا تھا۔

رواں برس 28 اپریل کو آسٹریلوی شہرت یافتہ امدادی کارکن کیتھرین جان ولسن کو پاکستان کے قریبی بارڈر، جلال آباد کے شہر سے اغواء کیا گیا تھا۔

60 سالہ کیتھرین جان ولسن زردوزی میں مشہور سماجی تنظیم چلا رہی تھیں، جس کا مقصد افغان آرٹسٹوں خاص طور پر خواتین کے کاموں کو فروغ دینا ہے۔