- الإعلانات -

ایک ویڈیو نے عرب ملک میں پھنسے درجنوں پاکستانی اور بھارتی شہریوں کی مشکل حل کردی

دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) عرب ملک میں پھنسے درجنوں بھارتی اور پاکستانیوں شہری کی مشکلات ایک ویڈیو نے حل کردیں اور عرب میڈیا کی طرف سے ویڈیو سامنے لائے جانے کے بعد سفارتخانے اور وزارت لیبر نے نوٹس لے لیا جس کے بعد 10ماہ سے زائد عرصہ سے قیدیوں جیسی زندگی گزارنے والے ورکرز کو کفیل نے پاسپورٹ واپس کردیئے ہیں ۔
خلیج ٹائمز کے مطابق ویڈیو وائرل ہونے کے بعدمصفہ کے علاقے میں شام کے شہری عبدالمتین کی ملکیتی کمپنی میں کام کرنیوالے 43افراد کو ان کے پاسپورٹ واپس مل گئے ہیں جس پر ملازمین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایاکہ ہمیں پاسپورٹ واپس مل گئے ہیں ،آوازاٹھانے والوں کیلئے شکریہ کے الفاظ نہیں ۔ ملازمین کے مطابق متحدہ عرب امارات میں بھارتی سفارتخانے نے بھی ان کو مدد کی پیشکش کی جبکہ متحدہ عرب امارات کی وزارت لیبر کے حکام نے بھی خصوصی دورہ کیااور حکام نے اُنہیں یقین دلایاکہ جلد ازجلد وطن واپس بھجوایاجائے گا۔ بتایاگیاہے کہ پاسپورٹ لیجنڈ پراجیکٹ کنٹریکٹنگ کے اکاﺅنٹنٹ نے واپس دیے ۔ ایک ورکر نے بتایاکہ وزارت لیبر نے اُن سے ویزا کیلئے دستاویزات مانگی ہیں تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ۔ بھارتی کارکنان کیساتھ پاکستانی ورکرز بھی شامل تھے جنہیں پاسپورٹ واپس مل گئے ہیں