- الإعلانات -

پاکستان میں ہندوستانی دہشت گردی کے ثبوت اکھٹا کرکے دستاویزات تیار کرلی ہیں.سرتاج عزیز

کراچی : وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہندوستانی دہشت گردی کے ثبوت اکھٹا کرکے دستاویزات تیار کرلی ہیں جنہیں اقوام متحدہ کے حوالے کریں گے۔کراچی میں آئی بی اے یونیورسٹی میں پاکستان کی خارجہ پالیسی پر لیکچر دینے کے بعد میڈیا سے بات کرتےہوئے مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہندوستان نہ صرف پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہا ہے بلکہ ملک میں دہشت گردی بھی پھیلا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ہندوستانی مداخلت کے ثبوت حاصل کرکے دستاویزات تیار کرلی ہیں جنہیں ہندوستان اوراقوام متحدہ دونوں کو دیں گے۔پاک افغان تعلقات پر بات کرتے ہوئے مشیرخارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں حالیہ پرتشدد واقعات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کوسمجھنا ہوگا کہ طالبان سے صرف بات چیت شروع ہونے سے امن قائم نہیں ہوگا بلکہ انہیں طالبان سے مذاکرات کو نتیجہ خیزبھی بنانا ہوگا۔اس سےپہلے لیکچر دیتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب نوے فیصد تک مکمل کرلیا گیا ہے کافی دہشت گرد مارے گئے باقی افغانستان فرارہوچکےہیں۔