- الإعلانات -

افغان ملک کے شمال میں ہیلی کاپٹرحادثہ,سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

افغان حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے شمال میں ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں اس میں سوار کم ازکم سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

خیال رہے کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ افغان صوبے بغلان میں پیش آیا جہاں طالبان اور سکیورٹی فورسز کے درمیان لڑائی جاری رہتی ہے۔

افغان طالبان نے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے ہیلی کاپٹر کو مارگرایا ہے تاہم افغان وزارتِ دفاع نے ان کے اس دعوے کو مسترد کیا ہے اور کہا ہے کہ تکنیکی خرابی کے باعث ہیلی کاپٹر کریش ہوا۔

خبر رساں ادارے رویٹرز نے وزارتِ دفاع کے ترجمان دولت وزیری کے حوالے سے بتایا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے ایم ائی 17 ہیلی کاپٹر میں تین سپاہی اور چار عملے کے اراکین شامل تھے۔

انھوں نے بتایا کہ ’شمالی بغلان میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے افغان فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، تحقیقات جاری ہیں۔‘