- الإعلانات -

جنوبی کوریا میں کھانا کھا نے کے 1000 پاؤنڈ ملتے ہیں.

سیول:  جنوبی کوریا میں ایک ایسی عجیب و غریب قسم کی تفریح انتہائی مقبول ہوچکی ہے کہ جس کی دوسری مثال کہیں اور نہیں ملتی۔ اس ملک میں بڑی مقدار میں کھانا کھانے کی ویڈیو آن لائن نشر کرنے والے لوگ بہت مقبول ہیں اور ایک ایسی ہی مقبول شخصیت نوعمر لڑکا کم سنگ جن ہے جس کا منفرد کام یہ ہے کہ وہ روزانہ شام کے وقت کیمرے کے سامنے بیٹھ کر اپنا بھاری بھرکم ڈنر کھاتا ہے اور ہزاروں لوگ اسے آن لائن دیکھتے ہیں، اور بس اسی کام سے اسے روزانہ تقریباً 1000 پاؤنڈ (تقریباً ڈیڑھ لاکھ پاکستانی روپے) کی ناقابل یقین آمدنی حاصل ہوتی ہے۔ کِم، جو کہ جنوبی کوریا میں پاٹو کے نام سے مشہور ہے، روزانہ چینی فاسٹ فوڈ، پیزا اور فرائی چکن کا آرڈر دیتا ہے اور پھر اپنے ویب کیم کے سامنے بیٹھ کر خوب پیٹ بھر کر کھاتا ہے۔ اس دوران اس کے ہزاروں مداح اسے آن لائن دیکھتے ہیں اور اس کے ساتھ چیٹ بھی کرتے ہیں۔ وہ اپنی براہ راست نشریات کیلئے Afreeca ٹی وی ایپ استعمال کرتا ہے اور اس کے ہزاروں مداحوں کی وجہ سے بڑی بڑی کمپنیاں اس کی نشریات میں اپنے اشتہار چلاتی ہیں۔ میوبینگ کہلانے والے کھانے کے پروگرام کوریا میں انتہائی مقبول ہیں ا ور پاٹو کی طرح ہی سینکڑوں اور لوگ بھی کیمرے کے سامنے ڈھیروں کھانا کھا کر اپنے مداحوں کو محظوظ کرتے ہیں۔ پاٹو اس قسم کا پروگرام نشر کرنے والا سب سے چھوٹا سلیبرٹی ہے۔ وہ 11 سال کی عمر سے یہ کام کررہا ہے اور اب سارے کوریا میں ایک مقبول ہیرو کے طور پر مشہور ہے۔