- الإعلانات -

11 ویں بین الاقوامی ایئر شو میں پہلی بار چین کے تیارکردہ جے 20 اسٹیلتھ فائٹر جیٹس نے گھن گرج, پاکستان کی بھی شرکت

چین میں جاری 11 ویں بین الاقوامی ایئر شو میں پہلی بار چین کے تیارکردہ جے 20 اسٹیلتھ فائٹر جیٹس نے گھن گرج کے ساتھ انٹری دی، ایئر شو میں پاکستان بھی چینی اشتراک سے تیار کردہ جے 17 تھنڈر طیاروں کے ساتھ شرکت کر رہا ہے۔

چین کے جنوب میں واقع صوبے گوانگ دونگ کے شہر چھوہائی میں جاری بین الاقوامی ائیر شو میں چین کے تیارکردہ جدید لڑاکا طیارے جے 20 کو نمائش کیلئے پیش کیا گیا ، ایئر شو یکم نومبر سے چھ نومبر تک جاری رہے گا۔

 

اس جدید لڑاکا طیارے جے 20 نے ایئر شو میں ایک منٹ کی پرواز کی، طیارہ ریڈار پر نظر نہ آنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

 

اس ائیرشو میں پاکستان کے تین جے ایف 17 تھنڈر طیارے فضائی مظاہرے میں حصہ لے رہے ہیں، پاکستان کے جے ایف 17 تھنڈر طیارے 6 دن کےاس شو میں ہرروز 10 منٹ کی فلائنگ کر یں گے، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرمارشل سہیل امان نے بھی شو میں شرکت کی۔

 

 

ایئر شو میں 42ملکوں سے 700ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جبکہ 130سے زیادہ ہوائی جہاز حصہ لے رہے ہیں، یہ ایئر شو مشہور عالمی ایرو اسپیس کمپنیوں کو دنیا کی دوسری بڑی معیشت کی طیاروں کی مارکیٹ میں خریدو فروخت کے مواقع فراہم کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔

انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق، 2024 تک چین دنیا کی سب سے بڑی ہوابازی کی مارکیٹ بن جائے گا۔

 

چینی خریداروں کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے بوئینگ اور ایئربس کڑے مقابلے میں ہیں جبکہ کومیک اور ایوک جیسے چینی ادارے اس کوشش میں ہیں کہ مارکیٹ شیئر چینی کمپنیوں کا ہی رہے۔

خیال رہے کہ ایئر شو چائنا کا شمار دنیا کے بڑے ایئر شوز میں ہوتا ہے، جس سے اپنی سویلین اور دفاعی صلاحیتوں کی نمائش کرنے کا موقع ملتا ہے۔