- الإعلانات -

مقبوضہ کشمیر میں 121ویں روز بھی حالات کشیدہ، 115 کشمیری شہید

جموں : مقبوضہ کشمیر میں 121ویں روز بھی حالات کشیدہ ہیں، بھارتی فوج کی 8 جولائی سے جاری ظلم و ستم کی نئی لہر میں اب تک 115 کشمیری شہید ہوچکے ہیں، اسپتال زخمیوں اور جیلیں گرفتار کارکنوں سے بھر چکی ہیں۔

مقبوضہ وادی میں 8 جولائی کو تحریک آزادی کے نوجوان کمانڈر برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد شروع ہونے والے بڑے پیمانے پر احتجاج کو فوجی طاقت کے ذریعے کچلنے کے لئے گزشتہ 4 ماہ سے زائد عرصے سے کرفیو نافذ کر رکھا ہے لیکن اس کے باوجود بھارت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ ہر آنے والے دن کے ساتھ زور پکڑتا جا رہا ہے۔

جہاں قابض فوج نے کشمیریوں سے مذہب سمیت ہر طرح کی آزادی چھین رکھی ہے وہاں اب تعلیم پر بھی ڈاکہ ڈال دیا گیا ہے۔ ضلع بانڈی پور کے علاقے سیرنارہ میں گورنمنٹ ہائی اسکول کی عمارت کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی جس سے عمارت جل کر راکھ ہوگئی، وادی میں تباہ کئے جانے والی اسکولوں کی تعدداد 32 ہوگئی ہے۔

دفتر خارجہ نے بھارتی جبر و ستم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے، ظلم اور جبر کے مکروہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی جد و جہد آزادی کو نہیں دبایا جا سکتا۔