- الإعلانات -

ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر بنتے اپنی ویب سائٹ سے مسلم مخالف بیانات ہٹا دیئے

نیو یارک: انتخابی مہم کے دوران مسلمانوں کے لئے امریکا میں پابندی عائد کرنے کے بڑے بڑے دعوے کرنے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدر بنتے ہی اپنی ویب سائٹ سے مسلم مخالف بیانات ہٹا دیئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدارتی انتخابات میں فتح حاصل کرتے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کی ویب سائٹ پر موجود ہر قسم کے مسلم مخالف بیانات ہٹا دیئے گئے ہیں اور اب ٹرمپ کے مسلم مخالف بیانات والے صفحات پر دوسرے لنک ڈال دیئے گئے ہیں۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی ویب سائٹ پر مسلم مخالف بیانات والے صفحات صدارتی الیکشن والے روز 8 نومبر کی صبح تک موجود تھے لیکن اسی رات انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد ان صفحات کو ہٹا دیا گیا۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ  نے انتخابی مہم کے دوران کئی متنازع اور نسلی امتیاز پر مبنی بیانات دیئے اور خاص طور پر انہوں نے مسلمانوں کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کی، مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے  سب سے زیادہ زور امیگریشن پر دیا اور اپنے متنازع اور سخت گیر خیالات کا اظہار کر کے انہوں نے پورے ملک میں ہیجان اور بے چینی پیدا کی  جب کہ خاص طور پر امریکا میں بسنے والے مسلمانوں میں ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق تشویش پائی جاتی ہے