- الإعلانات -

ہارٹ آف ایشیا کانفرنس آج امرتسر میں شروع ہوگی

ہارٹ آف ایشیا کانفرنس آج بھارت کے شہر امرتسر میں شروع ہوگی ۔ پہلے روز سیکریٹری خارجہ کی میٹنگ ہو گی۔کل مشیر خارجہ سرتاج عزیز وزرائے خارجہ کی بیٹھک میں شرکت کے لیے بھارت جائیں گے۔

اس سال کانفرنس کی تھیم چیلنجز سے مقابلہ اور استحکام حاصل کرنا ہے، دو روزہ کانفرنس میں پاکستان، سعودی عرب، چین، ترکی، ایران،روس سمیت چالیس ممالک کے وفود اور علاقائی و بین الاقوامی تنظیمیں شرکت کریں گی۔

کانفرنس میں افغانستان اور پڑوسی ممالک کے درمیان علاقائی تعاون بڑھانے، سیکورٹی خطرات سے بچاؤ اور علاقائی صورتحال کے معاملات زیر غور آئیں گے۔

پاکستانی وفد کی قیادت مشیر خارجہ سرتاج عزیز کریں گے، ہفتے کو سیکریٹری خارجہ سطح کی ملاقات ہوگی جبکہ اتوار کو وزرا کا اجلاس ہوگا جس میں بھارتی وزیراعظم اور افغان صدر شریک ہونگے۔