- الإعلانات -

پاکستان میں ٹیکٹیکل آپریشنز سنٹر قائم کر رہے ہیں،مارک ٹونر

واشنگٹن: امریکی دفتر خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر نے تصدیق کی ہے امریکا پاکستان میں ٹیکٹیکل آپریشنز سنٹر قائم کر رہا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد سے انسانی حقوق کے کارکنوں کے لاپتا ہونے پر تشویش کا بھی اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران مارک ٹونر سے سوال کیا گیا کہ وزیر خارجہ جان کیری نے دو دن قبل کہا تھا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہیں جہاں امریکا نے سکیورٹی آپریشنز سنٹر قائم کیے ہیں۔

اس پر مارک ٹونر نے جواب دیا کہ ہاں جان کیری ٹیکٹیکل سنٹر کا حوالہ دے رہے تھے  ،  جو کئی ممالک میں امریکا نے سفارتخانے اور سفیروں کی سکیورٹی کے لیے قائم کیے ہیں۔

امریکی دفتر خارجہ کے نائب ترجمان سے اسلام آباد سے لاپتا ہونے والے انسانی حقوق کے 5 کارکنوں کو کے بارے میں سوال کیا گیا ۔

اس پر مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بلاگرز اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے لاپتا ہونے پر امریکا کو تشویش ہے۔

انہوں نے سلمان حیدر کے لاپتا ہونے پر تحقیقات کا حکم دینے پر وزارت داخلہ اور سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان کی طرف سے آواز اٹھانے کا خیرمقدم بھی کیا۔

مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ امریکا آزادی اظہار کی حمایت کرتا ہے  اور اس حوالے سے پاکستان کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔