- الإعلانات -

پاکستان گروپ آف نیوز پیپرز اور روز نیوز حقیقی معنوں میں وطن عزیز کی خدمت کررہے ہیں

اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی)معروف سائنسدان اورسینئر سٹیزن فاﺅنڈیشن کے صدر ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ چیف ایڈیٹر روزنامہ پاکستان اورچیئرمین روز ٹی وی سردار خان نیازی سب سے بڑے محب وطن اورملک کے وفادار ہیں ۔سردار خان نیازی سے دوستی اورمحبت کارشتہ کئی عشروں پر محیط ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں روزنیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ڈاکٹر اے کیو خان نے مزید کہا کہ پاکستان گروپ آف نیوز پیپرز اورروز نیوز حقیقی معنوں میں وطن کی خدمت کررہا ہے ۔انہوں نے دبئی میں روز نیوز بیورو آفس کے آغاز پر سردار خان نیازی کو مبارکباد دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ روز نیوز دنیا بھر میں پاکستانیوں کی آواز بنے گا ۔قبل ازیں بزرگوں کے عالمی دن کے حوالے سے سینئر سٹیزن فاﺅنڈیشن کے زیراہتمام اسلام آباد میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاﺅنڈیشن کے صدر ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ پاکستان میں بزرگوں کو وہ مقام حاصل نہیں جو کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں معمر افراد کو دیا جاتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اب جبکہ وزیراعظم نوازشریف بھی 60سال سے زائد عمر کو پہنچنے کے بعد بزرگوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں مگر وہ بھی اپنے اس طبقہ کی طرف کوئی خاص توجہ نہیں دے رہے ۔بزرگوں کے حقوق کے حوالے سے ایک بل طویل عرصہ سے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں زیر التواءہے ۔ڈاکٹر اے کیو خان نے اس بل کو فوری منظور کرنے کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے تقریب میں شامل معمر افراد سے کہا کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے مشترکہ لائحہ عمل بنائیں ۔اعلیٰ عہدوں سے ریٹائرڈ سرکاری افسران اور دانشوروں نے روزنیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخواہ کی حکومت نے حال ہی میں بزرگوں کے حقوق کے حوالے سے ایک بل منظور کیا مگر وفاقی حکومت نے جان بوجھ کر بل کو التواءرکھا ہوا ہے ۔ایک بزرگ کاکہنا تھا کہ دنیا بھر میں نہ صرف سرکاری سطح پر بلکہ نجی اداروں کی جانب سے بھی بزرگوں کو خصوصی احترام دیا جاتا ہے ۔بیرونی دنیا میں بڑے سٹور مالکان ہفتے میں ایک دن بزرگوں کیلئے ہر چیز پر 25فیصد رعایت کردیتے ہیں مگر ہمارے ملک میں ایسا نہیں ہے ۔ایک معمر شخص نے حدیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام وہ پہلا مذہب ہے جس نے بزرگوں کے احترام کا درس دیا ۔تقریب کے شرکاءنے روزنامہ پاکستان اور روز نیوز کی جانب سے بزرگوں کے عالمی دن کی بھرپور کوریج کرنے پر اس گروپ کے چیئرمین سردار خان نیازی کا شکریہ ادا کیا ۔