- الإعلانات -

الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی نتائج کا باضابطہ اعلان کردیا۔

لاہور:  الیکشن کمیشن نے لاہور کے حلقہ این اے 122‘ اوکاڑہ کے حلقہ این اے 144اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 147 کے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی نتائج کا باضابطہ اعلان کردیا۔ پیر کو الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے این اے 122میں ضمنی الیکشن کے دوران پی ٹی آئی کے علیم خان کو 2443ووٹوں سے پچھاڑا۔ این اے 122اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 147کیلئے ریٹرننگ افسر زاہد اقبال نے غیرسرکاری نتائج کا اعلان کردیاجس کے مطابق مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق 74525ووٹوں کیساتھ کامیاب قرارپائے جبکہ تحریک انصاف کے علیم خان نے 72082ووٹ حاصل کیے اور یوں ایاز صادق نے 2443ووٹوں سے برتری حاصل کی ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ این اے 122 میں رجسٹرڈ ووٹوں کی کل تعداد تین لاکھ47 ہزار762 تھی حلقے میں ضمنی انتخابات کے لئے 284 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تھے جن میں خواتین اور مردوں کے 134,134 پولنگ سٹیشنز شامل تھے۔ ضمنی انتخابات میں کل ایک لاکھ 49ہزار 885ووٹ کاسٹ کئے گئے جن میں سے 1858 ووٹ مسترد کئے گئے جبکہ ایک لاکھ 48ہزار 27ووٹوں کو درست قرار دیا گیا۔ این اے 122میں مجموعی طور پر ٹرن آؤٹ 43.10فیصد رہا۔ حلقے میں مجموعی طور پر 16امیدوار میدان میں تھے ۔ ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے بیرسٹر میاں عامر حسین 819 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر آئے اور وہ دیگر آزاد امیدواروں کے ہمراہ اپنی ضمانت ضبط کرا بیٹھے۔