- الإعلانات -

تمام میڈیا محرم الحرام کے ماہ مقدس کا بجا طور پر احترام کریں۔پیمرا

اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا) نے اپنے جاری کردہ ایک مراسلہ میں تمام ٹی وی چینلز، ایف ایم ریڈیو اور کیبل آپریٹرز کو واضح کیا ہے کہ وہ محرم الحرام کے ماہ مقدس کا بجا طور پر احترام کریں ۔ تمام ذرائع ابلاغ کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اسلام کی تعلیمات کو پیش نظر رکھ کر اپنے پروگرام پیش کریں اور ایسے کسی معاملات کو زیر بحث نہ لائیں جو اس ماہ مقدس کے احترام کے خلاف ہو۔ٹی وی چینلز کو ان کی ذمہ داریوں کی خصوصی یاددہانی کروائی گئی ہے کہمذہبی پروگراموں میں زیادہ احتیاط برتی جائے تاکہ کسی طور پر بھی اشتعال انگیز ، مذہبی انتشار ، عدم برداشت اور نفرت انگیزی پر مشتمل کوئی مواد نشر یہ ہو ۔ مراسلے میں یہ بات واضح طور پر بیان کی گئی ہے کہ ایسے کوئی پروگرام جو پیمرا کے ضابطہ اخلاق جس میں باہمی ہم آہنگی اور ایک دوسرے کے خلاف مذہبی منافرت اور فرقہ وارانہ جذبات کو ہوا دی گئی ہو سے اجتناب کیا جائے۔ آج ہمیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اتحاد و یگانگت کی فضاء پیدا کر کے قومی یکجہتی کو فروغ دیں۔ مذہبی فرقہ وارانہ ، نسل اور رنگ کی بنیاد پر پروگرام کے اجراء کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ الیکٹرانک میڈیا کو واضح طور پر ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ ملک و ملت کے مفاد میں ایسے پروگرام ترتیب دیں جس میں باہمی بھائی چارے کو فروغ ملے۔ نفرت اور اختلافات کی بجائے اسلام کے اصولوں اور ضابطوں کو پیش نظر رکھ کر بنی نوع انسان کی اقدار اور ملک و قوم کی خوشحالی فلاح و بہبود اور بھائی چارے کو فروغ ملے۔ چیئرمین پیمرا نے مزید کہا کہ مذکورہ ہدایات کی خلاف ورزی کے مرتکب لائسنس یافتگان کے خلاف پیمرا قوانین کے تحت بھاری جرمانہ اور لائسنس کی معطلی /منسوخی عمل میں لائی جائے گی۔