- الإعلانات -

عمران خان 14 دن میں میرے نوٹس کا جواب دیں یا معافی مانگیں.دانیال عزیز

اسلام آباد : عمران خان 14 دن میں میرے نوٹس کا جواب دیں یا معافی مانگیں،کے پی کے حکومت نے 378ملین روپے ہائیڈل منصوبوں کی بجائے سٹاک مارکیٹ میں لگائے، اس کیس کو نیب میں لے کر جائیں گے، صوبائی حکومت نے بجلی کے مختلف منصوبوں کی فزیبلٹی تیار کر نے پر ایک ارب 80کروڑ خر چ کئے ،عمرا ن خان کے پی کے حکومت کی کارکردگی چھپانے کیلئے پنجاب میں دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں،خان صاحب ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے،تحریک انصاف کے سیلفی گروپ کا علاج صرف مسلم لیگ (ن) ہے
مسلم لیگ(ن) کے رہنماء دانیال عزیز کی طلال چوہدری کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس
پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماء و رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے عمران خان کی جانب سے ہائیڈرل پاور منصوبوں کی رقم سٹاک ایکسچینج میں لگانے کے حوالے سے جھوٹا کہنے پر 1.5ارب ہر جانے کا نوٹس بھجواتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان 14 دن میں میرے نوٹس کا جواب دیں یا مجھ سے معافی مانگیں،کے پی کے حکومت نے 378ملین روپے ہائیڈل منصوبوں میں لگانے کی بجائے سٹاک مارکیٹ میں لگائے،جس کا اعتراف صوبائی حکومت نے اپنے بجٹ 2015-16میں کیا ہے، ہم اس کیس کو نیب میں لے کر جائیں گے،کے پی کے حکومت نے بجلی کے مختلف منصوبوں کی فزیبلٹی تیار کر نے پر ایک ارب 80کروڑ خر چ کئے ،عمرا ن خان کے پی کے حکومت کی کارکردگی کو چھپانے کیلئے پنجاب میں دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں،خان صاحب ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے،تحریک انصاف کے سیلفی گروپ کا علاج صرف مسلم لیگ (ن) ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں طلال چوہدری کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ بجلی کی قلت صرف خیبرپختونخوا میں منصوبے لگا کر پوری کی جا سکتی تھی، خیبرپختونخوا حکومت نے بجلی منصوبوں کی بجائے سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی، خیبرپختونخوا حکومت نے تسلیم کیا کہ 378ملین روپے سٹاک مارکیٹ میں لگائے اور جب مسلم لیگ (ن) نے یہ بات عوام کے سامنے لائی تو صوبائی حکومت نے اپنی ویب سائیٹ سے متعلقہ متن میں تبدیلیاں کردیں ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مختلف ٹی وی شوز میں میری بدنامی کی، عمران خان اب غلط بیانی کا زمانہ ختم ہو گیا ہے، عمران خان کو جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پر نوٹس بھجوایا ہے، عمران خان 14 دن میں میرے نوٹس کا جواب دیں یا مجھ سے معافی مانگیں۔ دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان کو ایک ارب 5کروڑ روپے ہر جانے کا نوٹس بھجوایا ہے، عمران خان کو اپنی جماعت اور پاکستانی قوم کو جواب دینا ہو گا، ہمارے پاس خیبرپختونخوا کے ہائیڈل فنڈ کی آڈٹ رپورٹ موجود ہے، ہم اس کو نیب میں لے کر جائیں گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہائیڈل منصوبے کیلئے نکلوائے گئے538 ملین خرچ نہیں ہوئے، خان صاحب ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ عوام کو بجلی فراہم کرنے والی جماعت کا نام مسلم لیگ (ن) ہے، تحریک انصاف کے بارے میں مزید حقائق عوام کے سامنے لائیں گے، قوم کو سیلفی گروپ کی اصل شکل دیکھائیں گے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ قومی ایشوز میں اپوزینش کا اہم کردار ہوتا ہے، عمران خان نے قومی اداروں پر حملے کئے اور ان کا تقدس پامال کیا، مسلم لیگ (ن) نے عمران خان کو پارلیمنٹ میں بھرپور کردار کا موقع فراہم کیا، عمران خان نے پارلیمنٹ سے تنخواہ لینے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا۔