- الإعلانات -

افغانستان؛ فضائی حملے میں طالبان کے شیڈو ضلعی گورنر سمیت11 جنگجو ہلاک

کابل: شمالی افغانستان میں فضائی حملے میں طالبان کے شیڈو ضلعی گورنر سمیت11عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ قندہار میں ایک جھڑپ میں تین پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق افغان فوج کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیاہے کہ گزشتہ روز شمالی صوبہ تخار کے ضلع خواجہ بہاوالدین میں ایک ٹھکانے کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا جس میں طالبان کے شیڈو ضلعی گورنر مولوی انصاراللہ  سمیت11عسکریت پسند  ہلاک ہوگئے۔ اس کارروائی میں6عسکریت پسندوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہے۔

دوسری جانب صوبہ بلخ میں بم نصب کرنے کے دوران قبل از وقت بم پھٹنے کے نتیجے میں ایک عسکریت پسند ہلاک ہوگیا۔ یہ واقعہ ضلع چمتال میں پیش آیا جبکہ قندہار میں پولیس اورطالبان کی جھڑپ میں 3 پولیس اہلکار ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔

صوبائی گورنر کے ترجمان نے بتایا کہ جھڑپ ضلع میوند کے علاقہ شل غمے میں اس وقت شروع ہوئی جب مسلح طالبان نے پولیس پوسٹ پر حملہ کردیا۔ انھوں نے واقعے میں 3 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کی کارروائی میں متعدد طالبان ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ ننگر ہار میں 3 ہفتے قبل امریکا کے انتہائی طاقتور ’’بموں کی ماں‘‘ غیر جوہری بم گرانے کے باوجود داعش کا شدت پسند گروپ میدان جنگ میں کھڑا ہے اور علاقے میں اس کا ایف ایم ریڈیو چینل اب بھی نشریات جاری رکھے ہوئے ہے۔