- الإعلانات -

قوم کو ملک کی مسلح افواج میں غیر متزلزل اعتماد ہے۔ جنرل راحیل شریف

راولپنڈی:  آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ قوم کو ملک کی مسلح افواج میں غیر متزلزل اعتماد ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے پشاور میں ایف سی خیبر پختونخوا ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، اس موقع پر آئی جی ایف سی خیبر پختونخوا نے انہیں فورس کی آپریشنل تیاریوں اور اس کے استعداد کار میں اضافے سے متعلق اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف نے ایف سی کے افسران اور جوانوں سے غیر رسمی گفتگو میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں ان کی بہادری، قربانی اور کامیابیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ایف سی فاٹا اور خیبر پختونخوا میں پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑتے ہوئے بہادری اور قربانی کے نئے باب رقم کررہی ہے۔ پاک فوج اور ایف سی کی جرات مندی آپریشن ضرب عضب کی بنیاد ہے، قوم کو ملک کی مسلح افواج میں غیر متزلزل اعتماد ہے اور ہمیں قوم کے اس غیر متزلزل اعتماد کے محافظ ہونے پر فخر ہے اور قوم کے اس اعتماد پر ہمیشہ پورا اتریں گے۔