- الإعلانات -

نواز شریف نے حالیہ زلزلے کے متاثرین کے لیے پیکیج کا اعلان کر دیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے حالیہ زلزلے کے متاثرین کے لیے پیکیج کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔

گورنر ہاؤس، پشاور میں زلزلے کے نقصانات کے حوالے سے اجلاس کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے ہلاک شدگان کے لواحقین کے لیے 6 لاکھ روپے، زخمی افراد کے لیے ایک لاکھ روپے جبکہ معذور ہونے والے افراد کے لیے 2 لاکھ روپے امداد مختص کرنے کا اعلان کیا.

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مکمل تباہ ہونے والے گھروں کی تعمیر کے لیے 2 لاکھ روپے دیئے جائیں گے جبکہ جزوی طور پر متاثر گھروں کی مرمت کے لیے ایک لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ زلزلہ متاثرین کی تصدیق کا عمل 4 روز میں مکمل کر لیا جائے گا، متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کا عمل پیر سے شروع ہوگا اور یہ عمل آئندہ جمعرات تک مکمل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کو چیک کےذریعے امدادی رقم دی جائے گی، معاوضے کا چیک بینک سے فوری طور پر کیش کروایا جا سکے گا جبکہ معاوضے کی تقسیم کا عمل تمام اضلاع میں بیک وقت شروع کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعظم نے زلزلہ متاثرین کی تصدیق اور امداد کی تقسیم میں شفافیت کے لیے کے لیے 3 رکنی کمیٹی بنانے کا بھی اعلان کیا۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ کمیٹی متاثرہ خاندانوں کے نقصان کے حوالے سے تصدیق کرے گی جبکہ اس میں انتظامیہ اور مقامی نمائندے کے علاوہ فوج کا نمائندہ بھی شامل ہوگا۔

امداد کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ یہ پیکیج وفاقی اور صوبائی حکومت نے مشترکہ طور پر ترتیب دیا ہے جس میں 50 فیصد مرکزی حکومت اور 50 فیصد خیبر پختونخوا کی حکومت دے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ امدادی پیکیج میں خیبر پختونخوا، فاٹا اور گلگت بلتستان شامل ہیں اور متاثرین کی مدد کے لیے صوبائی حکومت کا بھر پور ساتھ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ موسم کی شدت کے پیش نظر زلزلہ متاثرین کی فوری امداد ضروری ہے اور برفباری سے قبل امدادی سرگرمیوں کو مکمل کر لیا جائے گا۔

نواز شریف نے کہا کہ فاٹا میں امدادی سرگرمیاں وفاق کی ذمہ داری ہے، البتہ اگر صوبائی حکومت اس میں حصہ ڈالنا چاہے تو اس کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

زلزلے کے نقصانات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ زلزلے سے خیبر پختونخوا میں 208 اور فاٹا میں 29 افراد لقمہ اجل بنے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شدید زلزلے کے باوجود جانی نقصان کم ہوا اور نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) امدادی کاموں میں بھر پور حصہ لے رہی ہے۔

میڈیا بریفنگ کے بعد وزیر اعظم نواز شریف پشاور سے چترال کے دورے کے لیے روانہ ہوئے۔