- الإعلانات -

روس کی مخالفت کے باوجود مونٹی نیگرو نیٹو میں شامل

جنوب مشرقی یورپ میں واقع ملک مونٹی نیگرو کو مغربی دفاعی اتحاد نارتھ ایٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) میں شامل کرلیا گیا۔

مونٹی نیگرو کی شمولیت کے بعد نیٹو میں شامل رکن ممالک کی تعداد بڑھ کر 29 ہوگئی ہے۔

امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق مونٹی نیگرو نے روس کی شدید مخالفت کے باوجود نیٹو میں شمولیت اختیار کی۔

مونٹی نیگرو کو نیٹو میں خوش آمدید کہنے کی پروقار تقریب امریکی ریاست واشنگٹن میں منعقد ہوئی۔

نیٹو میں شمولیت کے حوالے سے خود مونٹی نیگرو کے اندر بھی عوام منقسم تھے جبکہ روس بھی اس کا سخت مخالف تھا۔

تاہم مونٹی نیگرو نے تمام تر دباؤ کو پس پشت ڈالتے ہوئے مغربی دفاعی اتحاد میں شمولیت اختیار کیا، روس کی خواہش تھی کہ وہ مونٹی نیگرو پر تاریخی، سیاسی اور ثقافتی اثر و رسوخ برقرار رکھے۔

مونٹی نیگرو کی نیٹو میں شمولیت کے بعد روس کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں دھمکی دی گئی ہے کہ ‘مونٹی نیگرو کی جانب سے اٹھائے گئے روس دشمن اقدام کے پیش نظر روس اس بات کا حق محفوظ رکھتا ہے کہ وہ مونٹی نیگرو کے خلاف جوابی اقدامات اٹھائے’۔

دوسری جانب نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے مونٹی نیگرو کو نیٹو میں شمولیت پر مبارک باد دی ہے۔