- الإعلانات -

جنوبی سوڈان میں روس کا طیارہ گرنے سے 40 سے زائد افراد ہلاک

جوبا: جنوبی سوڈان میں روس کا مال بردار طیارہ گرنے سے 40 سے زائد افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔

عرب خبررساں ادارے کے مطابق جنوبی سوڈان کے دارالحکومت جوبا کے بین الاقوامی ایئرپورٹ سے بالائی نیل کے شہر پالوچ جانے والا روسی مال بردار طیارہ اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد قریبی آبادی میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 41 سے زائد افراد ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے، حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں تاہم  خراب موسم کی وجہ سے ان کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

جنوبی سوڈان کے صدارتی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارے میں عملے سمیت 20 افراد سوارتھے جب کہ طیارہ آبادی پر گرنے کے باعث 21 سے زائد مقامی بھی افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تاہم طیارے میں سوار ایک بچے سمیت 2 افراد معجزانہ طور پر بچ گئے۔