- الإعلانات -

سردار ایاز صادق دوبارہ اسپیکر قومی اسمبلی منتخب

اسلام آباد: سردار ایاز صادق 268 ووٹ حاصل کر کے قومی اسمبلی کے 20 ویں اسپیکر منتخب ہو گئے ہیں۔

قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی کے چناؤ کے لئے ووٹنگ ہوئی جس میں تمام ممبران نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ 300 کے ایوان میں سے سردار ایاز صادق کو 268 جب کہ تحریک انصاف کے شفقت محمود نے 31 ووٹ حاصل کئے۔ ڈپٹی اسپیکر مرتضی جاوید عباسی نے سردار ایاز صادق سے عہدے کا حلف لیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے کے بعد سردار ایاز صادق نے وزیراعظم نواز شریف، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، فاروق ستار سمیت تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا احسان مند اور تمام دوستوں کا شکر گزار ہوں کہ انھوں نے مجھ پر ایک بار پھر اعتماد کا اظہار کیا اور دو تہائی اکثریت سے مجھے کامیاب کروایا۔