- الإعلانات -

کینیا:مسلح شخص کی اسکول میں فائرنگ،بچوں سمیت 7 افراد ہلاک

کینیا کے سرحدی علاقے کے ایک ہائی اسکول میں مبینہ طور پر پڑوسی ملک جنوبی سوڈان سے تعلق رکھنے والے مسلح شخص نے 6 طلبا سمیت 7 افراد کوفائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

وادی رفٹ کے ریجنل کریمنل انوسٹی گیشن چیف گیڈیون کیبونجا کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ علی الصبح سرحد کے قریب واقع لوکیچوگیو مکسڈ سیکنڈری اسکول میں پیش آیا جو انتقام کا ایک واقعہ بھی ہوسکتا ہے۔

کیبونجا کا کہنا تھا کہ واقعے کا مرکزی ملزم اسکول کا ایک سینیئر تھا جن کو گزشتہ ہفتے لڑنے جھگڑنے اور انتقام لینے کی دھمکیاں دینے پر معطل کردیا گیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ مسلح شخص اسکول کے پرنسپل اور لڑائی میں ملوث بچوں کو ڈھونڈ رہا تھا لیکن وہ نہیں ملے تو انھوں نے غصے میں دیگر بچوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

خیال رہے کہ ایک ماہ قبل کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں ایک بورڈنگ اسکول میں اپنے 9 ساتھیوں کو ہلاک کرنے کی ذمہ دار اسکول کی ہی ایک لڑکی کو ٹھہرایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ کینیا کا سرحدی علاقہ آتش گیر اسلحےسے بھرا ہوا ہے جو جنگ ذدہ ہمسائیہ ممالک جنوبی سوڈان اور صومالیہ سے یہاں پہنچا ہے۔

دوسری جانب کینیا کے ہائی اسکولوں میں گزشتہ دو برسوں سے پرتشدد واقعات کی لہر چل رہی ہے۔